امریکہ کے صدارتی انتخابات کے نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے لیکن ملک کے آئندہ صدر کے اعلان سے قبل امریکی عوام میں بے چینی بڑھتی جا رہی ہے۔
دونوں صدارتی امیدواروں کے درمیان اعصاب شکن مقابلے کے دوران امریکی 'جنک فوڈ' اور شراب نوشی کے ذریعے اپنی بے چینی کم کرنے کی کوششوں میں مصروف رہے۔
امریکی نشریاتی ادارے 'سی این این' کے مطابق الیکشن کی رات امریکہ میں گوگل پر شراب، برگر، چائنیز فوڈ، بسکٹ، پیزا اور فرینچ فرائز کی تلاش کے لیے ریکارڈ سرچز کی گئیں۔
امریکہ میں ٹوئٹر پر سیکڑوں ایسی تصاویر گردش کرتی رہیں جن میں بڑے گروسری اسٹورز کے خالی فریزر اور شیلفس دکھائے گئے۔ کئی شراب خانوں میں شراب کی بھی قلت ہوگئی۔
ہارورڈ یونیورسٹی کے ماہرین کی ایک تحقیق کے مطابق دباؤ اور پریشانی کے لمحات میں شراب، شوگر اور چربی والی اشیا کے استعمال سے اعصاب کو سکون ملتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ الیکشن کی رات امریکیوں نے اس کا زیادہ استعمال کیا۔
اعداد و شمار کے مطابق الیکشن کی رات امریکیوں نے معمول سے زیادہ شراب استعمال کی۔
شراب مہیا کرنے والی کمپنی 'ڈرزلی' کے مطابق گزشتہ چار ہفتوں کے مقابلے میں تین نومبر کی شب اس کی سیل میں 68 فی صد اضافہ ہوا۔
ڈرزلی امریکہ کی 26 ریاستوں میں سروس فراہم کرتی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ بلیو ریاستیں یعنی جہاں ڈیمو کریٹک پارٹی کی حمایت زیادہ ہے، وہاں کمپنی کی سیل میں 75 فی صد اضافہ ہوا جب کہ ریڈ ریاستیں جہاں ری پبلکنز کو حمایت حاصل رہی وہاں اُس کی سیل 33 فی صد بڑھی۔
خیال رہے کہ امریکہ میں صدارتی انتخابات کے بعد چھ ریاستوں میں اب بھی ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔ الیکشن کے دو روز بعد بھی حتمی نتائج سامنے نہیں آئے ہیں جن کا امریکی عوام سمیت پوری دنیا کو انتظار ہے۔