بھارتی ٹیلی ویژن کی تاریخ کے مقبول ترین کوئز گیم شو ’کون بنے گا کروڑ پتی’ کے ساتھ بالی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن ایک بار پھر ٹیلی ویژن کی دنیا میں واپس آ رہے ہیں ۔ کون بنے گا کروڑ پتی کوئز گیم شو کا سیزن چار، سالِ رواں کے آخر میں سونی ٹیلی ویژن کے انٹرٹینمینٹ چینل پر نشر کیا جائے گا۔ اب تک امیتابھ نے اِس خبر پر اپنا کوئی بھی ردعمل نہیں دیا ہے۔
2007ء میں کون بنےگا کروڑ پتی کے تیسرے سیزن میں اِس کوئز گیم شو کی میزبانی بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے کی تھی۔ اُس وقت امیتابھ اپنی ناساز طبیعت کےباعث یہ شو نہیں کرپائے تھے۔ حالانکہ شاہ رخ کو عوام نے پسند تو ضرور کیا پر کہیں نا کہیں لوگوں کو گیم شو میں بچن کی کمی محسوس ہوئی جس کا اثر براہ راست کون بنے گا کروڑ پتی شو کی مقبولیت پر پڑا۔
واضح رہے کہ نو سال قبل امیتابھ نےکون بنے گا کروڑ پتی کوئز گیم شو کے ذریعے چھوٹے اسکرین کی دنیا میں پہلا قدم رکھا تھا۔ عام آدمی نے ہندی فلموں کے اینگری مین کو بطور کوئز ماسٹر بے حد قریب سے دیکھا اور پسند بھی کیا۔ اگر یہ کہا جائے کہ کون بنے گا کروڑ پتی کی مقبولیت نے امیتابھ کے ماند پڑتےفلمی کیریئر کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا تو غلط نہیں ہوگا۔
کون بنےگا کروڑ پتی کے دوسرے سیزن میں بھی اِس کوئز گیم شو کے میزبانی کے فرائض امیتابھ نے بخوبی نبھائے تھے۔ تاہم امیتابھ کی ناساز طبیعت کی وجہ سے 2005ء میں شروع ہوئے اِس کوئز گیم شو کو اچانک بند کرنا پڑا۔
اُس کےبعد سیزن تھری میں امیتابھ کی جگہ شاہ رخ نے اپنے منفرد اسٹائل میں ہاٹ سیٹ پر بیٹھے دو کروڑ روپے کی انعامی رقم جیتنے کی حسرت رکھنے والےاُمیدواروں سے سوال پوچھے۔ تاہم چوتھے سیزن کے لیے ایک بار پھر امیتابھ کا انتخاب کرنا اِس بات کا ثبوت ہے کہ زندگی کی 65 سے زائد بہاریں دیکھ چکے امیتابھ کا ثانی کوئی نہیں ہے۔
کون بنے گا کروڑ پتی کوئز گیم کے چوتھے سیزن میں شو کی میزبانی کے لیے آسکر یافتہ فلم سلم ڈاگ ملینیئر میں کام کرچکے بالی وڈ ہیرو انیل کپورکے نام پر بھی غورکیا جارہا تھا۔ افواہ یہ بھی تھی کہ عامر خان کو بھی اِس کوئز شو کی میزبانی کرنے کی پیش کش کی گئی تھی۔ تاہم اپنی فلم پیپلی لائیو کے پوسٹ پروڈکشن کاموں کی وجہ سے عامر نے اس آفر کو قبول نہیں کیا اور بازی آخرکار امیتابھ بچن نے مارلی۔