سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب پرویز الہی پر کرپشن کا مقدمہ بھی درج

فائل فوٹو

فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر اور پنجاب کے سابق وزیرِ اعلیٰ پرویز الہٰی کے خلاف گوجرنوالہ میں بدعنوانی کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔ان کے خلاف مقدمے پر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کی ہدایت پر پرویز الہٰی نشانہ بنے ہیں, جب کہ​ پنجاب کے نگراں وزیر اعلی محسن نقوی کہتے ہیں کہ کسی کو بھی کسی غیر قانونی اقدام کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف پنجاب کے محکمۂ انسدادِ بدعنوانی گوجرانوالہ نے ذرائع سے ملنے والی رپورٹ کی بنیاد پراپنی مدعیت میں مقدمہ درج کیا ہے۔

ان کے خلاف درج ایف آئی آر میں ترقیاتی اسکیم کے ٹھیکے کی مد میں دو ارب روپے رشوت لینے کا الزام ہے جب کہ مقدمے میں پہلے سے گرفتار ملزم سہیل اصغر چوہدری بھی ملزم نامزد کیے گئے ہیں۔ ایف آئی آر میں ایکسین، ایس ڈی او ہائی وے گجرات کے علاوہ ٹھیکہ لینے والی کمپنی کے مالک کے نام بھی درج ہیں۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق 10 ارب روپے کی لاگت سے گجرات میں پرانے جی ٹی روڈ کی تعمیر کی گئی جس کا ٹھیکہ حاجی طارق کی کنسٹرکشن کمپنی کو دیا گیا۔ چوہدری پرویز الہٰی نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے دو ارب لے کر ٹھیکہ دلایا جب کہ ڈیل میں چوہدری پرویز الہٰی کا فرنٹ مین سہیل اصغر چوہدری بھی برابر کا شریک ہے۔

اس مقدمے پر پرویز الہٰی کی جانب سے کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔ البتہ پی ٹی آئی کی جانب سے مقدمات کو سیاسی قرار دیا جاتا رہا ہے۔

’کسی کو غیر قانونی اقدام کی اجازت نہیں دی جا سکتی'

پنجاب کے نگراں وزیر اعلی محسن نقوی کا جمعے کو سابق وزیرِ اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے گھر محکمۂ اینٹی کرپشن کے چھاپے پر کہنا ہے کہ کسی کو بھی کسی غیر قانونی اقدام کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

محسن نقوی کا اتوار کو ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہنا تھا کہ وہ عمرے کی ادائیگی کے سلسلے میں سعودی عرب میں ہیں۔

ان کے مطابق وہ تمام تفصیلات حاصل کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں یہ جان کر افسوس ہوا کہ چوہدری پرویز الہٰی کی گرفتاری کے لیے جانے والی ٹیم نے چوہدری شجاعت حسین کے گھر پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں چوہدری سالک حسین زخمی ہوئے۔

انہوں نےکہا کہ قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

جمعے کی شب محکمۂ انسدادِ بدعنوانی پنجاب کی ٹیم نے لاہور پولیس کی مدد سے سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا۔ تاہم اس کارروائی میں چوہدری پرویز الٰہی کی گرفتاری عمل میں نہ لائی جا سکی۔

چھاپے کے دوران چوہدری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ کا مرکزی دروازہ بکتر بند گاڑی کی مدد سے توڑا گیا تھا اور گھر میں موجود 15 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔

' زرداری کی ہدایت پر پرویز الہی نشانہ ہے'

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ چوہدری پرویز الہٰی کے گھر جو کچھ ہوا وہ نگراں وزیرِ اعلیٰ کا کیا دھرا ہے۔

شیخ رشید احمد نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں نگراں وزیرِا علیٰ کے حوالے سے کہا کہ محسن نقوی کا سعودی عرب جانا ایک بہانہ ہے۔

پرویز الہٰی کے خلاف کارروائی پر ان کا کہنا تھا کہ اصل میں آصف زرداری کی ہدایت پر پرویز الہٰی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

’14 مئی کو اسمبلیاں تحلیل ہوں تو انتخابات کے لیے تیار ہیں‘

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر حکومت 14 مئی سے پہلے اسمبلیاں تحلیل کر دیتی ہے تو وہ حکومت کے ساتھ ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات کرانے پر تیار ہیں۔

عمران خان کا ہفتے کو ویڈیو کے ذریعے کارکنوں سے خطاب میں کہنا تھا کہ جتنی جلدی انتخابات ہوں گے، وہ سمجھتے ہیں کہ اتنی ہی جلدی سیاسی استحکام آئے گا۔ ملک کی معیشت بہتر ہو گی۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ حکومت جو کہہ رہی ہے کہ پہلے وہ بجٹ پاس کریں گے اس کے بعد اسمبلیاں تحلیل کریں گے، اس میں ان کو بد نیتی نظر آ رہی ہے۔ اگر حکومت نے بجٹ پاس کرنا ہے تو الیکشن جیتیں، پانچ سال کے لیے آپ کو مینڈیٹ ملے اور پھر بجٹ بنائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جس نے بھی بجٹ بنانا ہے اس کو پہلے الیکشن لڑنا چاہیے۔ الیکشن جیت کر آنا چاہیے اور وہ ہی اصل بجٹ ہو گا کیوں کہ وہ بجٹ سوچ سمجھ کر بنائے گا کہ آئندہ پانچ سال عوام کا سامنا کرنا پڑے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت 14 مئی سے پہلے اسمبلیاں تحلیل نہیں کرتی تو سپریم کورٹ کہہ چکا ہے کہ پنجاب میں الیکشن 14 مئی کو ہو گا جس کے بعد وہ خیبر پختونخوا میں انتخابات کے لیے سپریم کورٹ جائیں گے۔

ان کے بقول اس طرح وہ ان دو صوبوں میں انتخابات کر الیں گے۔

قومی احتساب ترمیمی بل دوبارہ پارلیمنٹ کو ارسال

صدر عارف علوی نے قومی احتساب (ترمیمی) بل 2023 پارلیمنٹ کو دوبارہ غور کرنے کے لیے واپس بھجوا دیا۔ صدر مملکت نے بل آئین کے آرٹیکل 75 ون بی کے تحت پارلیمان کو واپس بھجوایا۔

صدر عارف علوی کا کہنا ہے کہ قومی احتساب آرڈیننس 1999 میں پہلے کی گئی ترامیم سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہیں۔ بل اور وزیرِاعظم کی تجویز میں اس پہلو کا حوالہ نہیں دیا گیا۔

صدر کا مزید کہنا ہے کہ ایک زیر التوا معاملے کے اثرات پر غور کیے بغیر قومی احتساب آرڈیننس 1999 میں مزید ترامیم پر دوبارہ غور کیا جانا چاہیے۔

خیال رہے کہ وزیرِ اعظم نے آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت بل توثیق کے لیے صدر مملکت کو بھجوایا تھا۔

'مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں حکمت عملی مرتب کر لی ہے'

سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف مذاکرات کی کامیابی چاہتی ہے لیکن ناکامی کی صورت میں حکمت عملی مرتب کر لی ہے۔

فواد چوہدری کا اتوار کو ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ آئین کو ردی کا ٹکڑا اور عوام کو کیڑے مکوڑے سمجھ لیا جائے اور تحریک انصاف خاموش بیٹھ جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں عوام بڑی تحریک کے لیے تیار ہو جائیں، تحریک کا آغاز پیر کو لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں ریلی سے ہو رہا ہے۔ اس کا نقطۂ عروج ایک تاریخی لانگ مارچ ہو گا۔

منگل کو حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکراتی ٹیموں کے درمیان ملاقات بھی ہونا ہے۔

پی ٹی آئی کا پیر کو لاہور میں 'آئین بچاؤ، ملک بچاؤ' ریلی نکالنے کا اعلان

پی ٹی آئی نے پیر کو لاہور میں ‘آئین بچاؤ، ملک بچاؤ’ ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے, جس کی قیادت چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کریں گے۔

پی ٹی آئی کے لاہور کے عہدیداروں کے جاری کردہ بیان کے مطابق ریلی دوپہر ایک بجے لبرٹی چوک سے ناصر باغ تک نکالی جائے گی۔ جس میں یکم مئی کے حوالے سے مزدروں سے اظہار یکجہتی بھی کیا جائے گا۔

بیان کے مطابق ریلی میں عمران خان انتخابات کے حوالے سے پی ڈی ایم حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے بارے میں اہم نکات پر بات بھی کریں گے۔

واضح رہے کہ منگل کو حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکراتی ٹیموں کے درمیان ملاقات بھی ہونا ہے۔