ارفع کے نام کا یادگاری ٹکٹ جاری کرنے کی منظوری

ارفع کے نام کا یادگاری ٹکٹ جاری کرنے کی منظوری

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے دنیا کی کم عمر ترین پاکستانی مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل کا اعزاز حاصل کرنے والی ارفع کریم رندھاوا کے نام پر ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔

16 سالہ ارفع کریم 14 جنوری کو لاہور کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئی تھیں۔ اس ہونہار پاکستانی طالبہ نے 2004ء میں نو سال کی عمر میں دنیا کی کم عمر ترین مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفشنل بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ جس کے بعد مائیکرو سافٹ کے مالک بل گیٹس سے انھیں امریکہ بھی مدعو کیا تھا۔


22 دسمبر کومرگی کا دورہ پڑنے کے بعد ارفع کو لاہور کے ایک اسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق دل اور دماغ متاثر ہونے کے بعد ارفع کومہ میں چلی گئی تھیں اور تقریباً تین ہفتے تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد 14 جنوری کو انتقال کر گئیں۔