ایری زونا کی رکن کانگریس کی حالت بہتر

.

ڈاکٹروں نے مصنوعی تنفس کے آلات رکن کانگریس گیرئیل گفرڈز سے الگ کردیے ہیں۔ وہ گذشتہ ہفتے ایری زونا کےشہر ٹوسان میں اپنے انتخابی حلقے میں ایک تقریر کے دوران سرپر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگئی تھیں۔

ہفتے کےروز جاری ہونے والےایک بیان میں اسپتال کے عہدے داروں نے کہاہے کہ ڈاکٹروں نے ہفتے کے روز مصنوعی تنفس کے آلات ہٹانے کے لیے سرجری کے ذریعے ان کی سانس کی نالی میں سانس لینے کے لیے ٹیوب ڈالی۔

گفرڈز اگرچہ خود سانس لے رہی تھیں تاہم مصنوعی تنفس کی مشین اور آلات نے ان کے پھیپھڑوں میں رطوبتیں جمع ہونے سے روکنے میں مددفراہم کی۔

ڈاکٹروں کا کہناہے کہ مصنوعی تنفس کی مشین ہٹانے سے گفرڈز کو بولنےمیں مدد مل سکتی ہے۔

اسپتال کے ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ گفرڈز کو خوراک فراہم کرنے کی ٹیوب بھی لگادی گئی ہے۔ بیان کے مطابق ایسے مریضوں کے علاج میں ، جن کے دماغ میں زخم آئے ہوں، یہ طریقہ کار عموماً استعمال کیا جاتا ہے۔

ایک ہفتہ قبل ایک مسلح نوجوان نے گفرڈز پر اس وقت فائر کھول دیا تھا جب وہ ٹوسان کی ایک سپرمارکیٹ کے باہر ایک عوامی اجتماع سے خطاب کررہی تھیں۔

اس واقعہ میں چھ افراد ہلاک اور ایک درجن کے لگ بھگ زخمی ہوگئے تھے۔