ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کے پہلے روز آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنا لیے ہیں۔ اسمتھ 65 اور مارش 31 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
ملبورن کرکٹ گراؤنڈ پر منگل کو آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کو ترجیح دی۔ اوپنر بین کرافٹ اور ڈیوڈ وارنر نے 122 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ بین کرافٹ محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 26 رنز کی اننگز کھیل کر ووکس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
ڈیوڈ وارنر نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی جو انگلینڈ کے خلاف اُن کی تیسری، ٹیسٹ میچوں میں مجموعی طور پر 21 ویں جبکہ ہوم گراؤنڈ پر 15 ویں سنچری ہے۔
وہ 103 رنز بناکر اینڈرسن کی گیند پر وکٹ کیپر بیرسٹو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ وارنر نے ٹیسٹ میچوں میں 6 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے ہیں۔ وارنر 129 اننگز میں یہ اعزاز حاصل کرکے بریڈمین، رکی پونٹنگ اور گریگ چیپل کے بعد آسٹریلیا کے چوتھے بیٹسمین بن گئے ہیں۔
اینڈرسن نے ڈیوڈ وارنر کو آؤٹ کرکے آسٹریلیا کے خلاف اپنی 100 وکٹیں مکمل کیں۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے انگلینڈ کے آٹھویں بولر بن گئے ہیں۔ اینڈرسن 133 میچوں میں مجموعی طور پر 519 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
نئے آنے والے بیٹسمین عثمان خواجہ زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹہر سکے اور صرف 17رنز بناکر کرس براڈ کو وکٹ دے بیٹھے۔
پہلے روز کھیل کے اختتام پر کپتان اسمتھ اور شان مارش نے چوتھی وکٹ کی ناقابلِ شکست شراکت میں 84 رنز جوڑ کر مجموعی اسکور 244 رنز تک پہنچادیا۔ اسمتھ 65 اور مارش 31 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔
انگلینڈ کی طرف سے اینڈرسن، براڈ اور ووکس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پانچ میچوں کی سیریز آسٹریلیا پہلے ہی 0-3 سے اپنے نام کرچکا ہے۔
پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے، دوسرے ٹیسٹ میں 120رنز سے جب کہ تیسرے ٹیسٹ میں اننگز اور 41 رنز سے ہرایا تھا۔