ایشیا کی اسٹاک مارکیٹوں میں جمعہ کو تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا۔
کاروبار کے آغاز پر جاپان کے بنیادی نیکے انڈکس میں 0.5 فیصد اضافہ دیکھا گیا جب کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی تیزی ریکارڈ کی گئی۔
اس سے قبل شدید مندی کے بعد جمعرات کو امریکہ اور یورپ کے انڈکسز میں نمایاں اضافہ ہوا تھا۔ اس مثبت پیش رفت کی ایک وجہ امریکہ میں روزگار کے بارے میں توقع سے بہتر رپورٹ تھی جس سے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہوئی۔
ڈاؤ جونز انڈسٹریل ایوریج میں بدھ کو پانچ فیصد کمی کے بعد جمعرات کو اس میں چار فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جمعرات ہی کو کاروبار کے اختتام پر ایس اینڈ پی 500 اور نیسڈک میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
اسی طرح لندن، پیرس اور فرینکفرٹ کے اہم انڈکسز میں بھی جمعرات کو تقریباً تین فیصد اضافہ ہوا۔