برسبین ٹیسٹ: بمرا اور آکاش نے بھارت کو فالو آن سے بچا لیا

  • بھارت نے برسبین ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 252 رنز بنا لیے۔
  • بھارت کو آسٹریلیا کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 193 رنز درکار ہیں۔
  • بھارت کی جانب سے کے ایل راہول 84 اور رویندرا جدیجا 77 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز تھے۔
  • آسٹریلوی ٹیم نے پہلی اننگز میں 445 رنز بنائے تھے۔

ویب ڈیسک — بھارتی بلے باز جسپریت بمرا اور آکاش دیپ کی شاندار بیٹنگ نے آسٹریلیا کے خلاف برسبین ٹیسٹ میں بھارتی ٹیم کو فالو آن سے بچا لیا ہے۔

منگل کو کھیل کے چوتھے روز کے اختتام تک بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 252 رنز بنا لیے ہیں اور اسے اب بھی آسٹریلیا کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 193 رنز درکار ہیں۔

کھیل کے چوتھے روز ایک موقع پر بھارت کے نو کھلاڑی 213 رنز پر پویلین لوٹے تو آسٹریلیا کی میچ پر بظاہر گرفت مضبوط دکھائی دے رہی تھی۔ تاہم دسویں وکٹ پر جسپریت بمرا اور آکاش دیپ آسٹریلوی بالرز کے سامنے ڈٹ گئے۔

دونوں بلے بازوں نے 39 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور نہ صرف 252 تک پہنچا دیا بلکہ ٹیم کو بھی فالو آن سے بچا لیا۔

بمرا 10 اور آکاش 27 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں اور وہ بدھ کو میچ کے آخری دن کا کھیل یہیں سے شروع کریں گے۔

اس سے قبل بھارت کی جانب سے کے ایل راہول 84 اور رویندرا جدیجا 77 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز تھے۔

بھارتی اوپننگ بلے باز یشسوی جیسوال ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور وہ چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ شبمن گل ایک، وراٹ کوہلی تین، رشبھ پنت نو اور کپتان روہت شرما 10 رنز ہی بنا سکے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز چار، مچل اسٹارک تین، جوش ہیزل وڈ اور نیتھن لیون ایک، ایک وکٹ حاصل کر سکے۔

برسبین ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں آسٹریلوی ٹیم نے ٹریوس ہیڈ اور اسٹوین اسمتھ کی سینچریوں کی بدولت 445 رنز بنائے تھے۔

آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ 21، نیتھ مک سوینی نو، مارنس لبوشین 12، اسٹیون اسمتھ 101، ٹریوس ہیڈ 152، مچل مارش پانچ، الیکس کیری 70، کپتان پیٹ کمنز 20، مچل اسٹارک 18 اور نیتھن لیون دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے جسپریت بمرا نے سب سے زیادہ چھ وکٹیں حاصل کیں جب کہ محمد سراج نے دو، آکاش دیپ اور نتیش کمار نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ سیریز کا چوتھا میچ 26 دسمبر سے میلبرن اور سیریز کا آخری میچ تین جنوری سے سڈنی میں شروع ہو گا۔