جمعے کے روز آسٹریلیا نے شمال مشرقی ریاست کوئنز لینڈ میں امدادی کارروائیوں کے لیے چار ہزار فوجی تعینات کیے ہیں۔ اس علاقے کو ایک بڑے طوفان سے شدید نقصان پہنچا ہے۔
کوئنز لینڈ کے عہدے داروں کا کہناہے کہ جمعرات کی صبح آنے والے طوفان بادوباراں یاسی سے کارڈویل، ٹولی اور مشن بیچ کے علاقوں میں ذرائع مواصلات کو شدید نقصان پہنچایا ۔ طوفانی ہواؤں کی رفتار 300 کلومیٹر فی گھنٹہ تک تھی۔
جمعے کے روز حکام نے طوفان سے ایک ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لاپتا ہونے والے دو افراد کی تلاش کاکام جاری ہے۔
متاثرہ علاقوں میں طوفان سے سینکڑوں مکانوں اور عمارتوں کی چھتیں اڑ گئیں ، درخت اور بجلی کے کھنبے اکھڑ گئے اور تقریباً 20 ہزار شہری بجلی سے محروم ہوگئے۔
طوفان سے کوئنز لینڈ کے علاقے میں گنے اور کیلوں کی فصل کوبھی شدید نقصان پہنچا۔
سائیکلون یاسی کوئنز لینڈ کو نشانہ بنانے والاتازہ ترین طوفان ہے۔ اس سے قبل کئی ہفتوں کی شدید بارشوں اور سیلابوں سے علاقے میں 35 افراد ہلاک اور املاک کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچاتھا۔