ایویئن فلو نے اس سال امریکہ میں پانچ کروڑ سے زیادہ پرندوں کو ہلاک کر دیا ہے، جس سے یہ ملک کی تاریخ کی سب سے مہلک وبا بن گئی ہے۔
امریکی محکمہ زراعت ، USDA کی جانب سے جمعرات کو جاری اعداد و شمار سے ظاہر ہوا ہے کہ امریکہ میں اس سال مرغیوں، ٹرکی اور دوسرے پرندوں کی اموات جانوروں کی صحت کے حوالے سے اب تک کی بد ترین تباہی ہے جو 2015 میں ایویئن فلو کی وبا میں مرنے والے پرندوں کے پچھلے ریکارڈ سے زیادہ ہے ۔
پرندے اکثر اوقات انفیکشن کے بعد مر جاتے ہیں۔امریکہ میں انڈے دینے والی مرغیوں کے فارمز میں کسی ایک مرغی میں بھی بیماری کا ٹیسٹ مثبت پائے جانے کے بعد ، بیماری کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے وہاں موجود تمام مرغیوں کو ، جن کی تعداد10 لاکھ تک ہو سکتی ہے، ہلاک کر دیا جاتا ہے۔
مرغیوں کے اتنی بڑی تعداد میں ہونے والے نقصان کے باعث انڈوں اور ٹرکی یا فیل مرغ کے گوشت کی قیمتیں ریکارڈ بلند سطح تک پہنچ گئیں ہیں جس نےمہنگائی کا سامنا کرنے والے صارفین کےلیے معاشی مشکلات میں مزید اضافہ اور امریکہ میں جمعرات کی تھینکس گیونگ کی تقریبات کو مزید مہنگا کر دیا ۔
یورپ اور برطانیہ بھی ایویئن فلو کے بدترین بحران کا شکار ہیں، اور کچھ برطانوی سپر مارکیٹوں نے اس وباء کی وجہ سے سپلائی میں خلل پڑنے کے بعد صارفین کےلیے انڈوں کی خریداری کی حد مقرر کر دی ہے ۔
امریکی محکمہ زراعت کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ میں فروری میں شروع ہونے والی وباء نے 46 ریاستوں میں پولٹری اور دیگر پرندوں کو متاثر کیا۔
بطخ جیسے جنگلی پرندے اپنے فضلے، پروں یا پولٹری کے ساتھ براہ راست رابطے کے ذریعے ایوئین انفلوئنزا کا وائرس منتقل کرتے ہیں، جو انتہائی پیتھوجینک ایویئن انفلوئنزا (HPAI) کے طور پر معروف ہے۔
USDA کی چیف ویٹرنری آفیسر روزمیری سیفرڈ کا کہنا ہے کہ جنگلی پرندے HPAI کو پورے ملک میں پھیلاتے ہیں کیونکہ وہ ہجرت کرتے ہیں، اس لیے امریکی پولٹری کے تحفظ کے لیے پالتو اور جنگلی پرندوں کے درمیان رابطے کو روکنا انتہائی اہم ہے ۔
SEE ALSO: امریکہ میں برڈ فلو سے انسان کے متاثر ہونے کا پہلا کیس سامنے آگیاامریکہ میں پولٹری فارمرز نے 2015 میں اس وبا کے پھیلنے کے بعد حفاظتی اور صفائی ستھرائی کے اقدامات میں اضافہ کرتے ہوئے بیماری اور جنگلی پرندوں کو اپنے فارمز سے دور رکھنے کی کوشش کی ہے ۔
یو ایس ڈی اے نے رائٹرز کو بتایا کہ 2015 میں، تقریباً 30 فیصد کیسز ایسے تھے جن کا براہ راست تعلق جنگلی پرندوں سے پایا گیا تھا جب کہ اس سال یہ تعداد 85 فیصد تھی۔
حکومت کے اہل کار خاص طور پر ٹرکی فارمز میں انفیکشن کا جائزہ لے رہے ہیں ، اس امیدکے ساتھ کہ انفیکشن کو روکنے کے لیے نئی سفارشات تیار کی جا سکیں گی۔
USDA نے کہا ہےکہ وبا سے متاثر ہونے والے کمرشل پولٹری فارمز میں 70 فیصد سے زیادہ ٹرکی کے فارمز ہیں۔
بیماریوں پر کنٹرول اور روک تھام کے امریکی ادارے نے کہا ہےکہ لوگوں کو ان پرندوں سے بچنا چاہیے جو بیمار نظر آتے ہیں یا مر چکے ہیں، اگرچہ اس وبا سے عام لوگوں کو کم خطرہ لاحق ہے۔
اس رپورٹ کا مواد رائٹرز سے لیا گیا ہے۔