انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2021 کے لیے ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور عالمی نمبر ایک بلے باز بابر اعظم بھی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈز کی نامزدگی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے ان ایوارڈز کے لیے جو نامزدگیاں کی گئی ہیں ان میں بابراعظم کے علاوہ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن، جنوبی افریقی بلے باز جانیمن ملان اور آئرلینڈ کے کھلاڑی پال اسٹرلنگ شامل ہیں۔
بابر اعظم آئی سی سی کی جانب سے کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈز کی نامزدگیوں میں شامل ہونے والے دوسرے پاکستانی ہیں۔ بدھ کو ٹی ٹوئنٹی پلیئر آف دی ایئر کی نامزدگیوں میں پاکستانی بیٹر محمد رضوان کو بھی شامل کیا گیا تھا۔
سال 2021 میں بابر اعظم نے چھ میچز کھیلے جس میں انہوں نے 67.50 کی اوسط سے 405 رنز اسکور کیے۔ بابر اعظم نے 2021 میں دو سینچریاں بھی اسکور کیں۔
انیوں نے انگلینڈ کے خلاف کھیلی گئی سیریز کے تیسرے ایک روزہ میچ میں 158 رنز اسکور کیے جو ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کا بہترین اسکور بھی ہے۔ البتہ بابر کی اس بہترین کارکردگی کے باوجود بھی پاکستان کو اس میچ اور سیریز میں شکست ہوئی۔
بابر اعظم کے علاوہ شامل ہونے والے دیگر کھلاڑیوں میں بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن بھی شامل ہیں جنہوں نے نو ایک روزہ میچز میں 39.57 کی اوسط سے 277 رنز اسکور کیے جس میں دو نصف سینچریاں بھی شامل ہیں۔
انہوں نے 2021 میں 17.52 کی اوسط سے 17 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
SEE ALSO: محمد رضوان آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی پلیئر آف دی ایئر کے لیے نامزدون ڈے پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ کی نامزدگی میں شامل جانیمن ملان نے 2021 میں آٹھ میچز میں 84.83 کی اوسط سے 509 رنز اسکور کیے۔ جنوبی افریقی بلے باز نے ان میچز میں دو سینچریاں اور دو نصف سینچریاں بھی اسکور کی۔
وہ 2021 میں 509 رنز اسکور کر کے دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی ہیں۔
آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ 2021 میں ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 14 میچز میں 79.66 کی اوسط سے 705 رنز اسکور کیے۔
انہوں نے سال بھر میں 14 میچز میں تین سینچریاں اور دو نصف سینچریاں بھی اسکور کیں۔