بغداد خودکش حملہ: 28سے زائد شیعہ زائرین ہلاک

عراقی سکیورٹی عہدے داروں نے بتایا ہے کہ بدھ کو ہونے والے ایک خودکش حملے میں 28افراد ہلاک اور60سے زائد زخمی ہوئے۔ یہ دھماکہ شیعہ زائرین کےمجمعے کےپاس اُس وقت ہوا جب حملہ آور نےدھماکہ خیزجیکٹ کو بھک سے اُڑا دیا۔

عہدے داروں نے بتایا ہےکہ یہ حملہ احمدیہ کے مقام پرہوا، جو بغداد کی سنی آبادی کا گڑھ ہے۔

تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ شہر کےمختلف مقامات پر کیے گئےحملوں میں کم از کم پانچ دوسرے افراد ہلاک ہوئے۔

عراقی دارالحکومت میں سخت سکیورٹی کےباوجود یہ حملےایک تقریب میں اُس وقت ہوئےجب شیعہ مسلک کے12میں سے ساتویں امام ، موسیٰ القدیم کی برسی کے موقعے پر ہزاروں کی تعداد میں زائرین موجود تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ منگل کو بغداد میں ہونے والے یکے بعد دیگرے حملوں کےنتیجے میں کم از کم چھ شیعہ زائرین ہلاک ہوئے۔

بدھ کو ہونے والا خود کش حملہ ایک پل کے قریب ہواجہاں پرپانچ برس قبل ایسی ہی ایک تقریب میں مچنے والی بھگ دڑ میں1000زائرین ہلاک ہوئے تھے۔