بحرین کی ایک سیکیورٹی عدالت نے ایک ممتاز شیعہ مذہبی راہنما اور آٹھ دیگر افراد کو ایک پولیس اہل کار کے مبینہ اغوا کے الزام میں 20 سال قید کی سزاسنائی ہے۔
بحرین کی سرکاری خبررساں ایجنسی نے پولیس اہل کار کے اغوا کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں دیں۔ رپورٹ میں کہا گیاہے کہ شیعہ مذہبی راہنما محمد حبیب الصفاف اور آٹھ دیگر مشتبہ افراد کے پاس جمعرات کے روز سنائی جانے والی سزا کے خلاف اپیل کا حق موجود ہے۔
بحرین کے سنی اقلیتی حکمرانوں نے مارچ میں سیکیورٹی عدالت قائم کی تھی تاکہ شیعہ ا کثریت کی جانب سے جاری حکومت مخالف مظاہروں کے خلاف ہنگامی قوانین پر عمل درآمد کرایا جاسکے۔
بحرین کی سیکیورٹی عدالت سول او رفوجی ججوں پر مشتمل ہے۔ اس سے قبل عدالت ، مظاہروں کے دوران دو پولیس اہل کاروں کو ہلاک کرنے کے الزام میں چار افراد کو موت کی سزاسناچکی ہے۔
بحرین میں حکومت مخالف مظاہرے فروری میں شروع ہوئے تھے۔
بحرین کے حکمران خاندان الخلیفہ نے کہاہے کہ ہنگامی قوانین یکم جون کو اٹھالیے جائیں گے۔
عہدے داروں کا کہناہے کہ بے چینی کی حالیہ لہر میں اب تک 24 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔