رسائی کے لنکس

بحرین: فورسز نے مظاہروں کی نئی کوشش ناکام بنادی


بحرین: فورسز نے مظاہروں کی نئی کوشش ناکام بنادی
بحرین: فورسز نے مظاہروں کی نئی کوشش ناکام بنادی

بحرین کی اپوزیشن کی جانب سے جمعہ کے روز "یوم الغضب" منانے کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے حکومت مخالف مظاہروں میں شرکت کی اپیل کی گئی تھی

بحرین میں حکومت کی جانب سےعوامی مظاہروں پرعائد پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے احتجاجی مظاہرین اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جمعہ کے روز جھڑپیں ہوئی ہیں۔

بحرین کے دارالحکومت مانامہ کے گردو نواح میں واقع شیعہ اکثریتی بستیوں کے رہائشیوں کی جانب سے جمعہ کی نماز کی بعد ریلیاں نکالنے کی کوششوں کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنادیا۔ فورسز نے جمع ہونے کی کوشش کرنے والے مظاہرین کو آنسو گیس کے شیل فائر کرکے منتشر کردیا۔

بحرین کی اپوزیشن کی جانب سے جمعہ کے روز "یوم الغضب" منانے کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے حکومت مخالف مظاہروں میں شرکت کی اپیل کی گئی تھی۔ اس موقع پر پوری مملکت میں سیکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت تھے اور جگہ جگہ قانون نافذکرنے والے اداروں کی ناکہ بندیوں کے علاوہ دن بھر فضاء میں جنگی طیاروں کا گشت بھی جاری رہا۔

واضح رہے کہ بحرین کی شیعہ اکثریتی آبادی کی جانب سے سنی العقیدہ حکمرانوں کے خلاف اور ملک میں سیاسی اصلاحات کے نفاذ کیلیے گزشتہ ایک ماہ سے احتجاج کیا جارہا ہے۔

رواں ماہ کے وسط میں بحرین کے حکمران حماد بن عیسیٰ الخلیفہ نے ملک میں ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے ملک میں امن و امان کی صورتِ حال بہتر بنانے کیلیے فوج طلب کرلی تھی۔

حکومت کی جانب سے مظاہروں پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے حزبِ مخالف کے احتجاجی مرکز تصور کیے جانے والے مانامہ کے ایک چوک پر ہلہ بول کر وہاں موجود مظاہرین کو طاقت کے زور پر منتشر کردیا تھا۔ فورسز کی کاروائی میں کم از کم پانچ مظاہرین ہلاک ہوگئے تھے۔

دریں اثناء بحرین کے وزیرِ خارجہ شیخ خالد بن احمد الخلیفہ نے لبنانی مسلح تنظیم حزب اللہ کی جانب سے بحرین کی شیعہ آبادی کو مدد کی پیشکش کرنے کے معاملے پر لبنان کی حکومت سے باضابطہ احتجاج کیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق بحرین کے وزیرِخارجہ نے لبنانی حکومت کو باور کرایا ہے کہ ان کا ملک حزب اللہ کو ایک دہشت گرد تنظیم سمجھتا ہے اور اس کی جانب سے اس طرح کی دھکمیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ منگل کے روز بحرین کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کی گئی ایک 'ٹریول ایڈوائزری' میں "دہشت گرد عناصر کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں اور خطرات" کے پیشِ نظر بحرین کے شہریوں کو لبنان کا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG