قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی کی تحصیل سالارزئی میں بم دھماکے سے کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور 11 زخمی ہو گئے ہیں ۔
مقامی قبائلیوں کے مطابق یہ دھماکا ہفتے کی صبح پشت بازار میں واقع ایک ہوٹل میں ہوا جہاں سالارزئی قبیلہ کی امن کمیٹی کا ایک اجلاس ہو رہاتھا۔ دھماکے سے ہوٹل کی عمار ت منہدم ہو گئی جب کہ قریبی دوکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے ۔
مقامی حکام کے مطابق بم ہوٹل کے اندر چھپایا گیا تھا اور ہلاک ہونے والوں میں دو قبائلی رہنما بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو باجوڑ کے انتظامی مرکز خار کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔
باجوڑ میں اس سے قبل بھی مقامی امن کمیٹیوں کے ممبران اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔