ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے بھارتی اسکواڈ کا اعلان

فائل فوٹو

بھارت کے کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی)نے آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل سات سے گیارہ جون تک لندن کے اوول کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

بی سی سی آئی نے منگل کو روہت شرما کی قیادت میں 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔

بھارتی اسکواڈ میں تین مایہ ناز اسپنرز اور پانچ فاسٹ بالرز کو شامل کیا گیا ہے جب کہ سوریا کمار یادیو، ایشان کشن اور کلدیپ یادیو جیسے کھلاڑیوں کو ڈراپ کر دیا گیا ہے۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے بھارتی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

کپتان روہت شرما، شبمن گل، چتیسور پجارا، وراٹ کوہلی، اجنکایا ریہانے، کے ایل راہل، کے ایس بھارت وکٹ کیپر، روی چندرن ایشون، روندرا جدیجا، اگزر پٹیل، شردل ٹھاکر، محمد شامی، محمد سراج، اومیش یادیو اور جیدیو اونادکٹ شامل ہیں۔

ریہانے کی اسکواڈ میں واپسی

اجنکایا ریہانے کی 15 ماہ بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ انہوں نے آخری مرتبہ جنوری 2022 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن میں ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔

ریہانے کو شہریاس ایئر کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

بھارتی اسکواڈ میں کے ایس بھارت کو ریشبھ پنت کی جگہ بطور وکٹ کیپر شامل کیا ہے۔ ریشبھ پنت گزشتہ برس دسمبر میں کار حادثے میں شدید زخمی ہو گئے تھے۔

واضح رہے کہ بی سی سی آئی نے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے نائب کپتان کا اعلان نہیں کیا۔

آسٹریلیا کے خلاف حالیہ ٹیسٹ میچز میں چتیسور پجارا نائب کپتان کے فرائض انجام دیتے رہے ہیں جنہیں ایک مرتبہ پھر یہ ذمہ داری سونپی جا سکتی ہے۔