روسی حکام کا کہنا ہے کہ پیر کے روز سینٹ پیٹرزبرگ کے دو میٹرو اسٹیشنوں پر دو ریل کے ڈبوں میں دھماکے ہوئے، جن کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک ، جب کہ 50 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، جو بیلاروسی راہنما الیگزینڈر لوکاشنکو سے ملاقات کے لیے سینٹ پیٹرزبرگ میں ہیں، کہا ہے کہ دھماکے کا سبب واضح نہیں، جس کے بارے میں معلومات اکٹھی کی جا رہی ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ تمام امکانات پر غور کیا جا رہا ہے، جس میں دہشت گردی بھی شامل ہے۔
سینٹ پیٹرزبرگ بحیرہٴ بلقان میں بندرگاہ والا روسی شہر ہے۔
رائٹرز نے عینی شاہدین کے حوالے سے خبر دی ہے کہ سنایا پوشاند میٹرو اسٹیشن کے قریب آٹھ ایمبولینسوں کو آتے ہوئے دیکھا گیا۔ تین اسٹیشن بند کر دی گئی ہیں۔ یہ خبر مقامی ذرائع ابلاغ سے متعلق ادارے، ’فونتنکا‘ نے جاری کی ہے۔
وڈیو سے معلوم ہوتا ہے کہ زخمی افراد پلیٹ فارم پر گرے ہوئے ہیں، جن کے جسم سے خون بہہ رہا ہے، جب کہ کچھ زخمیوں کو ہنگامی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ دوسرے افراد دھویں کے بادل سے بچ کر باہر نکل رہے ہیں۔
گذشتہ برسوں کے دوران، روس چیچن شدت پسندوں کے حملوں کا نشانہ بنا ہوا ہے۔ چیچن باغی راہنما اکثر مزید حملوں کی دھمکیاں دیتے رہتے ہیں۔
سنہ 2010 میں کم از کم 38 افراد ہلاک ہوئے، جب دو خواتین خودکش بم حملہ آوروں نے ماسکو کے میٹرو اسٹیشنوں پر دھماکہ کیا تھا، جس وقت وہاں لوگوں کا ایک ہجوم موجود تھا۔
ادھر، امریکہ نے سینٹ پیٹرزبرگ کے میٹرو نظام میں مسافروں پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں، محکمہٴ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہم ہلاک ہونے والوں کے وارثوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں، اور روسی عوام کے غم میں شریک ہیں۔