بلنکن اوراردن کے شاہ عبداللہ کااسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی پر زور

امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن اور ارد ن کےشاہ عبد اللہ ،ایک ملاقات کےدوران ، فائل فوٹو

  • امریکی وزیر خارجہ ا ینٹنی بلنکن نے منگل کو عمان میں اردن کے شاہ،اعلیٰ رہنماؤں اور غزہ کے لیے اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے رابطہ کار سے ملاقات کی۔
  • ملاقات میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کرنے اور غزہ کی پٹی میں مزید امداد پہنچانے پر زور دیا گیا۔
  • دونوں رہنماؤں نے اردن سے زمینی راستوں کے ذریعے غزہ کے لیے فوری ضرورت کی اضافی امداد کی ترسیل کے لئے مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔

امریکی وزیر خارجہ ا نٹنی بلنکن نے منگل کو عمان میں اردن کے اعلیٰ رہنماؤں اور غزہ کے لیے اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے رابطہ کار سے ملاقات کی جس میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے اور غزہ کی پٹی میں مزید امداد پہنچانے پر زور دیا گیا۔

بلنکن نے اردن کے وزیر خارجہ ایمن صفادی اور شاہ عبداللہ ثانی سے الگ الگ بات چیت کی، جس کے بعد انہوں نے کہ غزہ کے لیے اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی اور تعمیر نو کے سینئر کوآرڈینیٹر سگریڈ کاگ سے ملاقات کی ۔

شاہ عبداللہ سے اپنی ملاقات کے دوران، بلنکن نے کسی ایسی جنگ بندی تک پہنچنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا جس سے یرغمالوں کی رہائی ممکن ہو سکے، اورانہوں نے زور دے کر کہا کہ حماس کو جو تجویز پیش کی گئی ہے، اسے قبول کرنا چاہیے۔

بلنکن نے اسرائیل کے لیے سلامتی کی ضمانتوں کے ساتھ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے راستے سمیت ،خطے میں پائیدار امن کے حصول کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔

امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن اور ارد ن کےشاہ عبد اللہ اور والی عہد شہزادہ حسین کے ساتھ عمان میں ایک ملاقات کے دوران فوٹو اے ایف پی ، 30 اپریل 2024

بلنکن نےغزہ میں انسانی ہمدردی کی امداد کی ترسیل میں سہولت فراہم کرنے پر اردن کی قیادت کا شکریہ ادا کیا جس میں امریکہ اور اردن کی مشترکہ طور پر فضائی ذریعے سے امداد کی ترسیل شامل تھی جس میں اب تک 1,000 ٹن سے زیادہ انسانی امداد فراہم کی جا چکی ہے ۔

دونوں رہنماؤں نے اردن سے زمینی راستوں کے ذریعے غزہ کے لیے ہنگامی نوعیت کی اضافی امداد کی ترسیل کے لئے مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔

بلنکن نے اردن کے اقتصادی نظام کو جدید بنانے اورعوامی شعبے کی اہم اصلاحات پر شاہ عبداللہ کےعزم کی بھی تعریف کی ۔

منگل کو بعد میں بلنکن نےغزہ سے تعلق رکھنے والے فلسطینیوں سے انسانی ہمدردی کے رابطہ دفتر میں ملاقات کی۔ جہاں انہوں نے اقوام متحدہ کی انسانی ہمدردی اور تعمیر نو کی سینئر کوآرڈینیٹر سگریڈ کاگ سے بات چیت کی۔

امریکی وزیر خارجہ بلنکن ، عمان میں اقوام متحدہ کی غزہ میں انسانی ہمدردی اور تعمیر نو(اوچھا) کی سینئیر رابطہ کار سگریڈ کاگ کے ساتھ میٹنگ کر رہے ہیں ، فوٹو اے ایف پی ، 30 اپریل 2024

بلنکن نے سگریڈ کاگ سےکہا کہ وہ ان سے براہ راست غزہ کی صورتحال کے بارے میں سننے کے لیے بے چین ہیں۔انہوں نے مزید کہا، "پوری ٹیم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے غیر معمولی کام کر رہی ہے کہ غزہ کے لوگوں کو امداد اور وہ معاونت ملے جس کی انہیں ضرورت ہے۔"

پیر کو سعودی عرب میں قیام کے دوران، بلنکن نے یہ بھی کہا کہ انہیں امید ہے کہ حماس گروپ، یرغمالوں کی رہائی کے بدلے غزہ میں جنگ بندی کے لیے اسرائیل کی "غیر معمولی فیاضانہ" پیشکش کو قبول کرلے گا۔

امریکی وزیر خارجہ بلنکن ریاض سعودی عرب میں مصر ، اردن ، سعودی عرب ، قطر اور متحدہ عرب امارات اور فلسطینی اتھارٹی کے نمائندوں سے فور سیزن ہوٹل میں ملاقات کررہے ہیں، فوٹو اے ایف پی ، 29 اپریل 2024

بلنکن نے ریاض میں کہا، "اس وقت ، غزہ کے لوگوں اور جنگ بندی کے درمیان حائل واحد رکاوٹ حماس ہے۔" انہوں نے کہا،"انہیں فیصلہ کرنا ہوگا، اور انہیں جلد فیصلہ کرنا ہوگا۔"

پیر کو ریاض میں ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلنکن نے کہا تھاکہ ’’سعودی عرب اور امریکہ اپنے جن معاہدات پر کام کر رہے تھے، میرے خیال میں ہم اس پر کام مکمل کرنے کے بہت قریب ہیں۔‘‘

انٹنی بلنکن مشرقِ وسطیٰ کا چار روزہ دورہ کررہے ہیں۔ عمان، ریاض اور سعودی عرب کے بعد بلنکن منگل کو اسرائیل پہنچ گئے ہیں جہاں وہ اسرائیل اور غزہ کے درمیان جنگ بندی پر زور دیں گے۔

گزشتہ برس غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد وہ ساتویں بار خطے کا دورہ کر رہے ہیں۔

نائک چینگ، وی او اے۔