نائیجیریا کی شدت پسند تنظیم بوکو حرام نے بظاہر عراق اور شام میں سرگرم شدت پسند گروپ داعش کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
بوکو حرام کے سرغنہ ابو بکر شیکاؤ کی طرف سے ٹوئٹر پر جاری کی گئے ایک آڈیو پیغام میں داعش کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔ اس آڈیو پیغام کی تاحال تصدیق ہونا باقی ہے۔
جہادیوں کی انٹرنیٹ پر سرگرمیوں پر نظر رکھنے والے گروپ "ایس آئی ٹی ای" نے بتایا کہ شیکاؤ کا کہنا تھا کہ "ہم خلافت سے اپنی وفاداری کا اعلان کرتے ہیں۔"
داعش نے گزشتہ سال شام اور عراق کے مختلف حصوں پر قبضہ کر کے وہاں خلافت قائم کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس گروپ کی طرف سے اقلیتوں کے خلاف بڑے پیمانے پر قتل و غارت گری دیکھنے میں آچکی ہے۔
حالیہ ہفتوں میں یہ قیاس آرائیاں بھی کی جاتی رہی ہیں کہ یہ دونوں شدت پسند گروپ مل کر کام کر رہے ہیں۔
بوکوحرام کی طرف سے ایک تازہ وڈیو میں بظاہر دو مبینہ جاسوسوں کو قتل کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا اور اس کے منظر عام پر آنے کے بعد یہ اشارے بھی مل رہے تھے کہ نائیجیریا کا یہ شدت پسند گروپ پروپیگنڈے اور وڈیو پروڈکشن میں داعش سے مدد لے رہا ہے۔
تاحال امریکی انٹیلی جنس حکام نے ان دونوں کے درمیاں کسی گہرے تعلق سے متعلق تصدیق نہیں کی ہے۔
وائس آف امریکہ سے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر امریکی انٹیلی جنس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اگر ہفتہ کو جاری ہونے والا بیان مصدقہ بھی ہو تو بھی یہ دونوں گروپ اپنے کام کرنے کے طریقے کو بدلتے ہوئے دکھائی نہیں دیتے۔
"یہ غالباً پروپیگنڈا ہوسکتا ہے، ماضی بوکو حرام القاعدہ اور اس کے اسلامک مغرب گروپ کے ساتھ بھی ایسی ہی وفاداری کا اعلان کر چکا ہے۔"
ان کا کہنا تھا کہ بوکو حرام کسی بھی طرح کی مالی اعانت کو مسترد نہیں کرتا اور اس تازہ اعلان کے پیچھے کسی مالی معاونت کے حصول کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔