بالی وڈ سپرسٹارعامر خان کی ہٹ فلم تھری ایڈیئٹس سلسلے کی اگلی فلم بنے گی یا نہیں یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا تاہم ہدایت کار راجو ہیرانی کی اِس کامیاب ترین فلم سے متاثر ہوکر بہت جلد ایک متحرک تصویروں والی یعنی اینی میٹیڈ فلم ’ دی فورتھ ایڈیئٹ’ ریلیز کی جائے گی۔ فلمساز بسوا روپ رائے چودھری کی یہ فلم اِس ماہ کی نو تاریخ کو ملک گیر سطح پر سنیماگھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
ذرائع ابلاغ کو دیے گئے اپنے بیان میں چودھری نے یہ اعتراف کیا ہے کہ اُن کی کارٹون فلم کا مرکزی کردار پپو عامر کی تاریخی فلم تھری ایڈیئٹس کی کہانی کو مزید آگے بڑھائے گا۔ اطلاعات کے مطابق فلم تھری ایڈیئٹس میں عامر کا فلمی کردار پھونسوک وانگڑو اِس کارٹون فلم میں ایک اسکول کا پرنسپل بن چکا ہے۔ اور اپنی فلم فورتھ ایڈیئٹ کے ذریعے چودھری یہ کہنا چاہتے ہیں کہ اگر ذہن کا صحیح استعمال کیا جائے تو کامیابی قدم ضرور چومتی ہے۔
یہی نہیں فلم تھری ایڈیئٹس میں چتُر رامالنگم کا کردار کرکے عام سنیما بینوں اور فلمی ناقدین کی ستائش حاصل کرنے والے اداکار اومی ویدیا بھی کارٹون فلم دی فورتھ ایڈیئٹ سے وابستہ ہیں۔ جی ہاں، ویدیا کارٹون فلم کی کہانی کو پس پردہ اپنی آوازیں دیں گے۔ اِس کے علاوہ فلم دی فورتھ ایڈیئٹ کے ایک نغمے کے کچھ حصے کو بھی ویدیا نے گایا ہے، جس کا ٹیپ کا مصرع ہے:
کر بھیجے کا استعمال
اِس کارٹون فلم میں کل دو نغمے ہیں۔
بھارت کے بیشتر حصوں میں موسم گرما کی تعطیلات شروع ہوچکی ہیں اور فلمساز پرامید ہیں کہ زیادہ سے زیادہ بچے اِس انوکھی کارٹون فلم کو دیکھنے کے لیے سنیماگھروں کا رخ کریں گے۔
واضح رہے کہ بھارتی فلمی صنعت میں پہلی کارٹون فلم ’ ہنومان ‘ تھی۔ جس کی کامیابی کے بعد یش راج فلمز، پرتیش نندی کارپوریشن، دھرما پروڈکشنز اور بی آر فلمز جیسی ملک کی نامور کمپنیوں نے اینی میٹیڈ فلموں کے مارکیٹ میں منافعے کو بھانپتے ہوئے کروڑوں روپیے کارٹون فلموں پر لگا ڈالے۔ روڈ سائیڈ رومیو، ہم تم، تا را رم پم جیسی ہندی فلموں میں بھی ماضی میں کارٹون پر مبنی کرداروں کا استعمال کیا گیا ہے۔