بالی ووڈ کی نئی فلموں کے لئے نیا ہفتہ شروع ہوگیا ہے ۔ اس ہفتے چار نئی فلمیں"شبری"، "چت کبرے"، "یہ دوریاں "اور "اسٹینڈ بائی" میدان میں ہیں جبکہ پانچویں فلم "باڈی گارڈ" کی ریلیز کےلئے سلمان وکرینہ کے چاہنے والوں کومزید تین انتظار کرنا پڑے گا۔ چوتھے دن بدھ ہے اور اسی دن غالباً عید بھی ہے تو عید کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لئے 31اگست کو فلمساز اتل اگنی ہوتری اپنی فلم " باڈی گارڈ " کو نمائش کے لئے پیش کررہے ہیں۔
باڈی گارڈ، کی ان دنوں خوب پروموشن جاری ہے ۔ ایک اطلاع کے مطابق اس کی پروموشن کے لئے بھی نہایت بڑا بجٹ رکھا گیا ہے۔ پورے ۔۔ 22 کروڑ روپے۔ !! اتنی رقم میں چھوٹے بجٹ کی کئی فلمیں بن جاتی ہیں مگر اتل اگنی ہوتری سلمان اور کرینہ کی شہرت سے پورا پورا فائدہ اٹھانے کے چکر میں ہیں اور پیسہ پانی کی طرح بہا رہے ہیں۔
فلمی دنیا سے گہری دلچسپی رکھنے والوں کی پیشگوئی ہے کہ " باڈی گارڈ" بلاک بسٹر ثابت ہوگی۔ ظاہر ہے کہ جب فلم بلاک بسٹر ثابت ہوگی تو پروڈیوسر پر 'آسمان سے ہن برسے گا 'اور جو کچھ انہوں نے لگایا ہے وہ منافع کے ساتھ واپس مل جائے گا۔
فلمی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ جو چار فلمیں " باڈی گارڈ" کے ساتھ ریلیز ہورہی ہیں ان میں سے شاید ہی کوئی بھی فلم باڈی گارڈ کے سامنے ٹک سکے۔" شبری "انڈر ورلڈ کے گرد گھومتی ہے اور اس میں پہلی مرتبہ ایک عورت کو ڈان دکھایا گیا ہے۔" چت کبرے" کے بارے میں خود پروڈیوسر سنیت اروڑہ کا کہنا ہے کہ یہ بھارت کی اب تک کی سب سے بڑی بولڈفلم ہوگی۔ یہی وجہ ہے کہ " باڈی گارڈ" کی کامیابی کی 99 فیصد امید ظاہر کی جارہی ہے۔
اگر"باڈی گارڈ" ہٹ ہوگئی تو "دبنگ" اور" ریڈی" کے بعد "باڈی گارڈ" سے سلمان خان کی کامیاب فلموں کی ہیٹ ٹرک بھی مکمل ہوجائے گی۔
فلم بینوں میں فلم کے لئے کافی کریز دیکھا جارہا ہے۔ بڑے شہروں خاص کر ممبئی ، دہلی اور چنددوسرے شہروں میں فلم کی کئی کئی ہفتے کی ایڈوانس بکنگ کرالی گئی ہے۔ یوں بھی بھارت میں فرسٹ ڈے فرسٹ شو فلم دیکھنے کا جنون برسوں پرانا ہے۔
ادھر پچھلے ہفتے ریلیز ہونے والی تین فلموں "ناٹ آلواسٹوری"، " چتور سنگھ ٹو اسٹار" اور " صحیح دھندے غلط بندے" بری طرح فلاپ ہوگئی ہیں۔ ناٹ آ لواسٹوری رام گوپال ورما جیسے بڑے نام کے باوجود نہ چل سکی، سجے دت جن کے بل بوتے پر منا بھائی ۔۔ہٹ ہوئی تھی وہ بھی" چتور سنگھ ٹو اسٹار" کو ناکامی سے نہ روک سکے۔ رہی بات" صحیح دھندے غلط بندے "کی تو وہ حرف غلط کی طرح ہی اسکرین سے آوٴٹ ہوگئی۔