برازیل کے تباہ کن سیلابوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہاہے اور یہ ملکی تاریخ کا اب تک کا سب سے زیادہ ہلاکت خیز سیلاب بن گیا ہے۔
ہفتے کے روز حکام نے بتایا کہ اب تک کم ازکم 787 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور اس تعداد میں مزید اضافے کا خطرہ موجود ہے۔
جمعے کے روز عہدے داروں نے کہاتھا کہ سیلاب کے باعث کم ازکم چارسوافراد لاپتا ہوگئے ہیں۔
برسلز میں قائم ایک ادارہ 1900ء سے بین الاقوامی سطح پر آنے والی قدرتی آفات کا ریکارڈ رکھ رہاہے۔ اس کے اعدادوشمار کے مطابق 1967ء میں آنے والے ایک بڑے سیلاب سے 785 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
پچھلے ہفتے کئی دنوں تک جاری رہنے والی شدید بارشوں کے باعث دریا اپنے کناروں سے ابل پڑے، جس نے بڑی تعداد میں مکانوں کو مہندم کردیا اور کاروں کو عمارتوں کی چھتوں پر پٹخ دیا ۔ اس طوفان سے چھ ہزار افراد اپنے گھروں سے محروم ہوگئے اور آٹھ ہزار افراد کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل ہونا پڑا۔
صدر Dilma Rousseff کی حکومت نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی امداد کے پروگراموں کے لیے 46 کروڑ ڈالر مختص کیے ہیں لیکن متاثرہ افراد کا کہناہے کہ حکام ان کی کافی مدد نہیں کررہے۔