فیفا ورلڈ کپ سیمی فائنل: برازیل اور جرمنی آمنے سامنے

پہلے سیمی فائنل میں برازیل کو اپنے سب سے اہم کھلاڑی نیمار کی خدمات حاصل نہیں ہیں جو کولمبیا کے خلاف میچ میں زخمی ہو گئے تھے۔

برازیل میں جاری فٹبال ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل منگل کو میزبان برازیل اور جرمنی کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اس سیمی فائنل میں برازیل کی ٹیم اپنے اسٹار کھلاڑی نیمار اور کپتان تیاگو سلوا کی عدم موجودگی کے باعث مشکلات سے دوچار ہو سکتی ہے۔

کولمبیا کے زونیگا نے کوارٹر فائنل میں نیمار کی کمر میں گھٹنا مارا تھا جس سے ان کی ریڑھ کی ہڈی میں چوٹ آئی اور ڈاکٹروں نے انھیں چار ہفتوں تک آرام کا مشورہ دیا ہے جب کہ برازیل کے کپتان تیاگو سلوا ایک میچ کی پابندی کی وجہ سے سیمی فائنل کھیلنے والی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

برازیل کی ٹیم 2002 کا ورلڈ کپ جیتنے کے بعد پہلی مرتبہ سیمی فائنل کھیل رہی ہے۔

جرمنی کی ٹیم نے 2002 سے مسلسل فٹبال عالمی کپ کے سیمی فائنلز کھیلتی آرہی ہے۔

عالمی فٹبال کپ کا دوسرا سیمی فائنل ارجنٹائن اور نیدرلینڈز کے درمیان بدھ کو ساؤ پاؤلو میں کھیلا جائے گا۔

ارجنٹائن نے اپنا آخری سیمی فائنل 1990 میں اٹلی میں ہونے والے ورلڈ کپ میں کھیلا تھا اورگذشتہ دو ورلڈ کپ مقابلوں میں وہ کوارٹر فائنل کے مرحلے میں ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو تی رہی۔

ارجنٹائن کے مڈفیلڈر انخیل دی ماریا گزشتہ ہفتے بیلجیئم کے خلاف کوارٹر فائنل میں زخمی ہونے کے بعد نیدرلینڈز کے خلاف سیمی فائنل میں شرکت نہیں کریں گے۔

برازیل پانچ، جرمنی تین جب کہ ارجنٹائن دو مرتبہ عالمی چیمپیئن رہ چکے ہیں۔