فٹ بال لیجنڈ پیلے 82 سال کی عمر میں چل بسے

برازیل میں فٹ بال کے لیجنڈ پیلے، الجیئرز میں الجیریا اور سلووینیا کے ایک دوستانہ میچ کے دوران۔ فوٹو رائٹرز5 مارچ 2014

برازیل میں فٹ بال کے ممتاز کھلاڑی پیلے جنہوں نے تین ورلڈ کپ جیتنے میں اپنی ٹیم کی قیادت کی اور گول سکور کرنے والے نوعمر کھلاڑی کی حیثیت سے شہرت کا آغاز کیا، جمعرات کو چل بسے۔ ان کی عمر 82 سال تھی۔

انہیں نومبر کے آخر میں اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، اور ڈاکٹروں نے دسمبر میں کہا تھا کہ وہ کینسر سے نمٹ رہے ہیں جو گردے اور دل کے مسائل کے ساتھ ساتھ بڑھ گیا تھا۔ ستمبر 2021 میں، بڑی آنت سے ٹیومر نکالنے کے لیے ان کی سرجری بھی ہوئی۔

بڑے پیمانے پر فٹ بال کے اب تک کے سب سے بڑے کھلاڑیوں میں سے ایک سمجھے جانے والے، پیلے برازیل کے لیے ورلڈ کپ کے اسٹیج پر اور کلب گیمز اور اپنی ٹیم سانتوس کے ساتھ بین الاقوامی دوروں میں اپنی کارکردگی سے دنیا کو حیران کرتے رہے اور پھر ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں 'نیویارک کوسموس کے ساتھ اپنے کرئیرکے دوران کھیل کا جوش و خروش پیدا کرتے رہے۔

برازیل کے ساکر لیجنڈ پیلے۔ فائل فوٹو

ریو ڈی جنیرو کے شمال مغرب میں تقریباً 250 کلومیٹر دور ٹریس کوراکوز میں 1940 میں پیدا ہونے والے ایڈسن آرانٹس ڈو نیسیمینٹو، پیلے نے 15 سال کی عمر میں سینٹوس کے ساتھ معاہدہ کیا۔

16سال کی عمر میں وہ برازیل کی قومی ٹیم کا حصہ بن گئے، 1958 میں انہوں نے 17 سال کی عمر میں ورلڈ کپ میں قدم رکھا، اپنے پہلے میچ میں ایک گول کے ساتھ فٹ بال کے سب سے بڑے اسٹیج پر نمودار ہوئے۔ وہ مردوں کے ورلڈ کپ میں گول کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی اور ایک کھیل میں تین گول کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی تھے، یہ اعزاز انہوں نے ٹورنامنٹ میں برازیل کے دوسرے میچ میں حاصل کیا۔

SEE ALSO: فیفا ورلڈکپ میں کامیابی، میسی کا رونالڈو سے موازنہ ہمیشہ کے لیے ختم

ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں دو مزید گول کرنے کے بعد پیلے برازیل کو چیمپئن شپ تک لے گئے۔ برازیل کے ساتھ 1962 اور 1970 میں مزید دو ورلڈ کپ جیتے۔

ان کے بین الاقوامی کیریئر میں 92 میچوں میں 77 گول شامل تھے، اور انہیں ارجنٹائن کے ڈیاگو میراڈونا کے ساتھ 20ویں صدی کا فیفا کا شریک کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سینٹوس اور بین الاقوامی کھیل سے ریٹائر ہونے کے بعد، پیلے نے 1975 میں نارتھ امیریکن سوکر لیگ کے نیویارک کاسموس میں شمولیت اختیار کی اور وہاں تین سیزن کھیلے۔

Your browser doesn’t support HTML5

ساکر یا فٹ بال؟

اپنی فٹ بال کے بعد کی زندگی میں، پیلے نے برازیل کے وزیر کھیل کے طور پر خدمات انجام دیں اور اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم نے انہیں یونیسکو چیمپیئن برائے کھیل مقرر کیا جس کےبارے میں انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لیے،’کھیل کو فروغ دینے اور پسماندہ بچوں کی مدد کے لیے ایک شاندار عزم‘ تھا۔

2020 میں، پیلے نے ٹویٹ کیا کہ انہیں اقوام متحدہ کے ساتھ اپنے تعلقات اوربرازیل میں بچوں کو ماں کا دودھ پلانے کو فروغ دینے اور ناخواندگی کے خاتمے کی مہموں میں اپنی شمولیت پر فخر ہے۔

انہوں نے ایک پوسٹ میں کہا، ’آج، میں این جی اوز، عوامی اداروں اور اپنے سپانسرز، سب کے ساتھ اچھے مقاصد میں شامل ہونے پر اصرار کرتا ہوں۔ یہ میری میراث کا حصہ ہے اور میں فٹ بال کے دیگر لیجنڈز کی بھی تعریف کرتا ہوں جو اسی راستے پر چل رہے ہیں، اس خوبصورت کھیل کو دنیا کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں‘۔

(اس خبر میں معلومات اےپی، اے ایف پی اور رائٹرز سے لی گئی ہیں)