انٹیلی جنس ادارے مانچیسٹر حملہ آور سے آگاہ تھے: اہل کار

پیر کے روز ہونے والے اِس حملے کے بعد، چھان بین کرنے والے ادارے اس بات کا تعین کرنے میں مصروف ہیں آیا حملہ آور کسی وسیع گروہ کا حصہ تھا۔ ادھر، چھان بین کے سلسلے میں مزید تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے

برطانوی پولیس نے کہا ہے کہ پیر کو مانچیسٹر کے میوزک کنسرٹ میں ہونے والے مہلک بم حملے کی چھان بین کے سلسلے میں مزید تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔


’گریٹر مانچیسٹر پولیس‘ کی جانب سے بدھ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ گرفتاریاں ایسے میں کی گئی ہیں جب حکام نے ساؤتھ مانچیسٹر میں جاری ہونے والے وارنٹس پر عمل درآمد کیا۔ اس متعلق کوئی اطلاع نہیں ملی آیا یہ تین افراد یا پھر منگل کو گرفتار کیا جانے والا چوتھا شخص، جن کی شناخت فقط 23 برس کے ایک شخص کے طور پر کی گئی ہے، حملے میں ملوث ہو سکتے ہیں۔


برطانوی وزیر داخلہ امبر رُڈ نے بدھ کے روز بتایا کہ خودکش بم حملہ آور، جن کی شناخت 22 برس کے سلمان عابدی کی طور پر کی گئی ہے، بم حملے سے قبل برطانیہ کے انٹیلی جنس اداروں کو اُن کے بارے میں پتا تھا۔


اُنھوں نے ’بی بی سی‘ کو بتایا کہ ’’عین ممکن ہے کہ وہ یہ عمل اپنے ہی طور پر نہیں کر رہا تھا‘‘۔


تفتیش


پیر کے روز ہونے والے اِس حملے کے بعد، چھان بین کرنے والے ادارے اس بات کا تعین کرنے میں مصروف ہیں آیا حملہ آور کسی وسیع گروہ کا حصہ تھا۔


مارک رولی نے، جو ’انسداد دہشت گردی کے قومی ادارے‘ کے سربراہ ہیں، منگل کی شام گئے تفتیش کے بارے میں بتایا کہ ’’اس میں تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے‘‘، جب کہ تفتیش کار کئی رپورٹوں پر کام کر رہے ہیں۔ تاہم، اُنھوں نے کہا کہ حکام نہیں کہہ سکتے آیا عابدی نے یہ عمل اپنے ہی طور پر کیا۔