سابق امریکی صدر جارج ایچ ڈبلیو بش کی طبعیت کی خرابی کے باعث ہیوسٹن کے ایک اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔
90 سالہ بش کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ سابق صدر سانس میں دشواری کے باعث ہیوسٹن میتھوڈسٹ اسپتال منتقل کیا گیا۔
امریکہ کے اکتالیسویں صدر سابق صدرجارج ڈبلیو بش کے والد کو دسمبر 2012ء میں بھی اسی اسپتال میں نظام تنفس سے متعلق امراض کے باعث داخل کروایا گیا تھا اور وہ یہاں لگ بھگ سات ہفتوں تک زیر علاج رہے تھے۔
وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایا گیا کہ صدر براک اوباما جو کہ تعطیلات کے لیے ہوائی میں ہیں، سابق صدر کی ناسازی طبع سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق صدر اوباما اور ان کی اہلیہ مشیل اوباما نے بش خاندان کے لیے نیک خواہشات کا پیغام ارسال کیا ہے۔
جارج ایچ ڈبلیو بش 1989 سے 1993 تک امریکہ کے صدر رہے اور اس سے قبل وہ رونالڈ ریگن کے نائب صدر کے طور پر آٹھ سال تک فرائض انجام دے چکے ہیں۔