امریکہ کی نو منتخب نائب صدر کاملا ہیرس کے انتخاب پر بھارت میں اُن کے آبائی گاؤں میں بھی جشن منایا جا رہا ہے۔ بھارت میں مقیم کاملا کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ وہ حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
کاملا ہیرس کی خالہ ڈاکٹر سرلا گوپالن نے کہا ہے کہ اُن کی اب تک کاملا سے بات نہیں ہوئی تاہم وہ اور اُن کا پورا خاندان امریکہ پہنچ کر کاملا کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کا اردہ رکھتا ہے۔
انہوں نے مقامی ٹی وی چینل 'این ڈی ٹی وی' سے بات کرتے ہوئے اپنی بہن اور کاملا کی والدہ شیامالا ہیرس کو ان کی جدوجہد اور بیٹی کو اس مقام تک پہنچانے کے لیے یاد کیا۔
تھولسیندرا پورم کاملا ہیرس کا آبائی گاؤں ہے جو کہ ریاست تمل ناڈو میں ہے۔ اس وقت گاؤں کے مکین کاملا کی جیت پر خوشی منا رہے ہیں اور مختلف مقامات پر ان کے پوسٹر آویزاں کر دیے ہیں۔
کاملا کی جیت پر ان کے آبائی گاؤں میں جشن کا سماں ہے اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی جا رہی ہیں۔
SEE ALSO: کاملا ہیرس کا بھارت میں مقیم خاندان نامزدگی پر خوشکاملا کے 80 سالہ ماموں گوپالن بالاچندرن دہلی میں مقیم ہیں۔ انہوں نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کاملا کو مبارک باد پیش کی کہا کہ وہ پوری فیملی کے ساتھ امریکہ جائیں گے اور کاملا کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی صاحبزادی پہلے سے ہی امریکہ میں موجود ہے جو وہاں کاملا ہیرس کی انتخابی مہم میں شریک تھیں۔
بھارت کے صدر رام ناتھ کووند نے امریکہ کا صدر منتخب ہونے پر جو بائیڈن اور نائب صدر منتخب ہونے پر کاملا ہیرس کو مبارک باد پیش کی ہے۔
My sincere felicitations to Joseph R. Biden on his election as President of the United States of America and @KamalaHarris, as Vice President. I wish @JoeBiden a successful tenure and look forward to working with him to further strengthen India-US relations.
— President of India (@rashtrapatibhvn) November 7, 2020
بھارت کی حزبِ اختلاف کی جماعت کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے ایک بیان میں جو بائیڈن اور کاملا ہیرس کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت امریکہ کے ساتھ قریبی تعلقات کی امید کرتا ہے جو اس خطے اور پوری دنیا میں امن و ترقی کے مفاد میں ہو۔
سینئر کانگریس رہنما راہول گاندھی نے ایک ٹوئٹ میں کیا ہے کہ کاملا ہیرس کی جیت ہندوستانیوں کے لیے باعثِ فخر ہے کہ نائب صدر کی حیثیت سے ملک کی خدمت کرنے والی پہلی خاتون کے اجداد بھارت سے تعلق رکھتے ہیں۔
Congratulations, Vice-President-elect @KamalaHarris! It makes us proud that the first woman to serve as Vice President of the USA traces her roots to India.
— Rahul Gandhi (@RahulGandhi) November 7, 2020
سینئر کانگریس رہنما ششی تھرور نے کاملا ہیرس کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس سے مسرت ہوئی ہے کہ امریکہ نے ایک ایسی خاتون کو نائب صدر منتخب کیا ہے جسے 'اڈلی اور ڈوسا' پسند ہے۔
خیال رہے کہ اڈلی اور ڈوسا جنوبی بھارت کی ایک پسندیدہ غذا ہے اور کاملا ہیرس نے بہت پہلے اس سلسلے میں اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔