اب انتخابی دنگل بھی بالی ووڈ ستاروں سے جگمگائیں گے

جگمگاتے رہنے کے شوقین بالی وڈ کے بہت سے اسٹارز نے اس موقع سے بھی فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے، اسی لئے، سیاسی اکھاڑے بالی ووڈ کے دنگل لگنے لگے ہیں
کراچی ... بھارت میں الیکشن کا موسم جوبن پر ہے۔ جہاں جاوٴ، جس سے بات کرو، گھوم پھر کر بات کا سرا انتخابات اور اس میں حصہ لینے والے امیدواروں سے جاکر جڑ جاتا ہے۔

ہروقت ’لائم لائٹ‘ میں رہنے کے شوقین بالی وڈ کے بہت سے اسٹارز نے اس موقع سے بھی فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے، اسی لئے سیاسی اکھاڑے بالی ووڈ کے دنگل لگنے لگے ہیں۔

کون کون سے ستارے سیاست کے میدان میں قسمت آزمانے نکلیں ہیں، ’ٹریک ۔ان‘ ویب سائٹ نے ان ستاروں کی باقاعدہ ایک فہرست ترتیب دی ہے:

گل پناگ
بھارت میں ’عام آدمی پارٹی‘ آج کل’فیشن‘ میں ہے۔ سو۔۔من موہنی صورت والی گل پناگ نے فیصلہ کیا کہ وہ ’عام آدمی‘ پارٹی کے ٹکٹ پر انتخابی معرکہ سر کریں گی۔ سنہ 1999میں ’مس انڈیا‘ کا ٹائٹل جیتنے والی گل پناگ سوشل میڈیا پربہت مقبول ہیں۔ وہ چندی گڑھ سے انتخاب لڑیں گی۔

کرن کھیر
بالی وڈ کی بہت سی فلموں میں مہربان ماں کا رول ادا کرنے والی کرن کھیر کو نہ صرف بالی وڈ والے پسند کرتے ہیں، بلکہ ان کے پرستار بھی بے شمار ہیں۔۔شاید اسی پسند کو بنیاد بناکر وہ بھارتیہ جنتا پارٹی، یعنی بی جے پی کی طرف سے الیکشن لڑرہی ہیں۔

ان کا مقابلہ کسی اور سے نہیں بلکہ بالی وڈ برادری کی ہی ایک ممبر گل پناگ سے ہے۔ چندی گڑھ والوں کے لئے اس بار الیکشن میں ووٹ ڈالنا خاصا مشکل رہے گا کہ کسے منتخب کریں اور کسے نہیں۔۔

راج ببر
ماضی کے ڈیشنگ ہیرو اور خطرناک ولن راج ببر سیاست کے میدان کے پرانے کھلاڑی ہیں۔وہ اترپردیش کے علاقے فیروزآباد سے کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ رہے ہیں۔ لیکن، نیا انتخاب وہ کانگریس کے لئے غازی آباد سے لڑیں گے۔

ونود کھنہ
بالی وڈ کے ویٹرن اسٹار ونود کھنہ بی جے پی سے تعلق رکھتے ہیں۔وہ دو مرتبہ پہلے بھی لوک سبھا کے ممبر منتخب ہوچکے ہیں اور یونین منسٹر بھی رہ چکے ہیں۔ ونود کھنہ گورداسپور سے انتخابی امیدوار ہیں۔

شترو گھن سنہا
بالی وڈ کی ایک اور جانی مانی ہستی شترو گھن سنہا بہار کے شہرپٹنہ سے بی جے پی کے امیدوار ہیں۔شترو ممبر پارلیمنٹ ہیں اور یونین منسٹر رہ چکے ہیں۔

ہیما مالنی
بالی وڈ کی ڈریم گرل ہیما مالنی کا جادو سیاست میں بھی سر چڑھ کر بولتا ہے۔ وہ سنہ 2004 سے بھارت کے سیاسی میدان کا حصہ ہیں اور بی جے پی ان کی پارٹی ہے۔ ہیما انتخابی معرکہ متھرا میں لڑیں گی۔

راکھی ساونت
فلموں کی طرح سیاسی گہما گہمی میں بھی رونق کا تڑکا لگانے آ رہی ہیں آئٹم گرل راکھی ساونت۔ ہلے گلے کی شوقین راکھی ساونت ممبئی کے جنوب مغربی علاقے سے آزاد امیدوار کے طور پر بڑے بڑوں کی چھٹی کرانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

نغمہ
نغمہ نے بالی وڈ سے ریٹائرمنٹ کے بعد سے ہی سیاست کو جوائن کرلیا تھا اور وہ سیاسی میدان میں بہت ایکٹو ہیں۔ نغمہ کانگریس کے رکن کی حیثیت سے میرٹھ سے الیکشن لڑ رہی ہیں۔

بپی لہری
پوپ سنگربپی لہری نہ صرف اپنے فاسٹ ٹریک اور ہنگامہ خیز میوزک کی وجہ سے جانے جاتے ہیں بلکہ ان کی گولڈ جیولری کے بھی بہت سے فینز ہیں۔ بپی لہری جن کو پیار سے بپی دا بھی کہا جاتا ہے کولکتہ کے ڈسٹرکٹ ہوگلی سے بی جے پی کے امیدوار کے طورپر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

روی کشن
بھوج پوری سینما کے امیتابھ بچن کہلائے جانے والے روی کشن بھی انتخابی میدان میں ہیں۔ ان کی پارٹی کانگریس نے روی کشن کو یوپی کے جون پورعلاقے سے ٹکٹ دیا ہے۔

منوج تیواری
ایک اور بھوج پوری سپراسٹارمنوج تیواری بہار کے علاقے بھکسر سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ منوج بی جے پی کے ممبر ہیں۔

پریش راول
بالی وڈ کے ورسٹائل ایکٹر پریش نے کئی فلموں میں سیاستدان کا کردار بھی نبھایا ہے۔ لیکن اب کی بار حقیقی زندگی میں بھی انہوں نے سیاستدان بننے کی پوری تیاری کر لی ہے۔ پریش نریندر مودی کے صوبے گجرات کے شہراحمد آباد سے انتخابی میدان میں ہیں اور ان کی پارٹی ہے بی جے پی۔

مہیش منجریکر
بالی وڈ ایکٹر اور ڈائریکٹر مہیش منجریکر بھی انتخابی امیدوار ہیں اور ان کی پارٹی کا نام ہے ’مہاراشٹر نو نرمان سیوا‘۔ وہ ممبئی کے شمال مغربی حلقے سے امیدوار ہیں۔