مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے آپ اپنی سوچ کو تصویر کے روپ میں تو با آسانی ڈھال سکتے ہیں لیکن 'اوپن اے آئی' اب ایک ایسے فیچر کا تجربہ کر رہا ہے جس کے تحت ٹیکسٹ کے ذریعے ویڈیو بھی بنائی جا سکے گی۔
مائیکرو سافٹ کی زیرِ ملکیت کمپنی اور چیٹ جی پی ٹی کے بانی 'اوپن اے آئی' کا کہنا ہے کہ وہ اپنے پلیٹ فارم پر ایک ایسے ٹول کا تجربہ کر رہے ہیں جس کے تحت ٹیکسٹ کمانڈ کے ذریعے ویڈیو بنائی جا سکتی ہے۔
'اوپن اے آئی' نے اپنی بلاگ پوسٹ میں کہا کہ 'سورا' نامی ٹول کوالٹی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے صارفین کی ہدایت پر لگ بھگ ایک منٹ کی ویڈیو بنا سکتا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ٹول ایک ساکن تصویر کی مدد سے بھی ویڈیو تخلیق کر سکتا ہے۔
'اوپن اے آئی' کے سی ای او سیم آلٹمین نے 'ایکس' پر جاری بیان میں کہا کہ یہ فیچر اس وقت آزمائشی مرحلے میں ہے اور اس تک رسائی محدود تخلیق کاروں کو ہی دی گئی ہے۔
سیم آلٹمین نے 'ایکس' پر متعدد صارفین کی ویڈیوز بھی شیئر کیں جنہوں نے اس ٹول کی مدد سے ویڈیوز بنائی ہیں۔
کسی صارف نے ٹیکنالوجی سے لیس مستقبل کے شہر کی ویڈیو بنائی تو کسی نے مریخ پر ڈرونز کی ریس کی ویڈیو تخلیق کی۔
کمپنی کے سی ای او کا مزید کہنا تھا کہ وہ دنیا بھر سے پالیسی سازوں، ماہرِ تعلیم اور فن کاروں کے خدشات کو سمجھیں گے اور اس نئی ٹیکنالوجی کے مثبت استعمال کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ اوپن اے آئی سے قبل میٹا، گوگل اور رن وے اے آئی جیسی کمپنیاں بھی آرٹیفیشل انٹیلی جینس کی مدد سے 'ٹیکسٹ ٹو ویڈیو' ٹیکنالوجی پر کام کر رہی ہیں اور ان کی جانب سے بھی چند تجرباتی ویڈیوز ریلیز کی جا چکی ہیں۔