چین کی عدالت نے ووہان میں گزشتہ سال پھوٹنے والی کرونا وبا سے متعلق رپورٹنگ پر ایک خاتون سٹیزن جرنلسٹ کو چار سال قید کی سزا سنا دی ہے۔
سینتیس سالہ خاتون جونگ جان نے یو ٹیوب پر ووہان شہر کے رہائشیوں کے انٹرویوز، وی لاگز، قبرستانوں، ٹرین اسٹیشنز سمیت اسپتالوں کی فوٹیجز اپ لوڈ کی تھیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق حکام وائرس سے متعلق چینی حکومت کے بیانیے سے ہٹ کر حقائق سامنے لانے پر جونگ سے نالاں تھے۔
ووہان کی صورتِ حال سے متعلق جونگ جان کے وی لاگز چینی عوام میں بہت مقبول ہو رہے تھے اور وبا سے نمٹنے کے حکومتی اقدامات پر تنقید کے بعد اُنہیں مئی میں حراست میں لے لیا گیا تھا۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق جونگ کے وکیل کا کہنا ہے کہ ان کی مؤکلہ کو عدالت نے فساد اور اشتعال پھیلانے کے جرم میں سزا سنائی۔
واضح رہے کہ دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لینے والی کرونا وبا چین کے شہر ووہان سے پھوٹی تھی۔ جس سے اب تک آٹھ کروڑ سے زائد افراد متاثر اور 17 لاکھ سے زائد ہلاک ہو چکے ہیں۔
جونگ جان ان چند لوگوں میں شامل تھیں جنہوں نے کرونا وبا سے متعلق حالات، مثلاً شہر کی خالی سڑکیں اور اسپتالوں میں رش سے متعلق ویڈیوز اور وی لاگز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیے۔
جونگ کو چین کے کاروباری مرکز شنگھائی کی عدالت کی طرف سے چار سال قید کی سزا سنائی گئی۔
جونگ کے وکیل رین کوانیو کا کہنا تھا کہ وہ اس سزا کے خلاف ممکنہ طور پر اپیل کریں گے۔
Your browser doesn’t support HTML5
سماعت شروع ہونے سے قبل رین کا کہنا تھا کہ جونگ سمجھتی ہیں کہ انہیں آزادیٔ اظہار کو استعمال کرنے پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
چین میں کرونا وائرس سے نمٹنے سے متعلق کی جانے والی ابتدائی کوششوں پر ہونے والی تنقید کو ملک میں سینسر کیا جاتا رہا ہے اور نشان دہی کرنے والے ڈاکٹرز کو نشانہ بنائے جانے کی شکایات بھی عام رہی ہیں۔
دوسری طرف سرکاری میڈیا، وائرس کو کنٹرول کرنے کے دعوے کرتے ہوئے چینی صدر شی جن پنگ کو اس کا کریڈٹ دیتا ہے۔
جونگ کو سزا سنائے جانے کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
عدالتی اہلکاروں کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے غیر ملکی صحافیوں کو کمرۂ عدالت میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔