امریکی میڈیا نے خبر دی ہے کہ چینی ہیکرز 2010ء سے مسلسل اعلیٰ امریکی حکام کے نجی اِی میل میں دخل اندازی کر رہے ہیں۔
’این بی سی نیوز‘ نے ایک اعلیٰ امریکی انٹلی جنس افسر اور اعلیٰ خفیہ ادارے، نیشنل سیکورٹی ایجنسی‘ کے درمیان بریفیگ کا حوالہ دیا ہے، جس میں انھوں نے اس ہیکنگ کی تفصیلات بتائی ہیں۔
حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ تمام اعلیٰ قومی سلامتی اور تجارتی حکام کے پرائیویٹ اِی میل نشانے پر ہیں، اور ان کے اِی میل کی ہنکنگ مسلسل جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق، تمام دخل اندازی حکام کے پرائیویٹ اِی میل اکاؤنٹ میں کی جا رہی ہے، جب کہ حکومتی اکاؤنٹ زیادہ محفوظ ہونے کی وجہ سے ان کا نشانہ نہیں بنے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ چینی اس بات کے بھی اہل ہیں کہ وہ ہدف بنائے گئے تمام اعلیٰ حکام کے ای میل ایڈریس حاصل کرلیں اور پھر اسے دیگر حکام، دوستوں اور دفتری ساتھیوں میں ’مالویئر‘ بھیج سکیں۔
گوگل نے 2011ء میں انکشاف کیا تھا کہ چند امریکی حکام کے نجی ’جی میل‘ اکاؤنٹ ہیک کئے گئے ہیں، جبکہ این بی سی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیشنل سیکورٹی ایجنسی کی بریفنگ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ’جی میل ہی نہیں بلکہ دیگر اکاؤنٹس کے نجی ای میل بھی ہیک ہوتے رہےہیں‘۔
ہیکنگ کا یہ دورانیہ سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کی جانب سے 2009ء سے 2013ء کے درمیان پرائیویٹ ای میل میں بھی جاری تھا۔
تاہم، رپورٹ میں ہدف بنائے گئے حکام کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔