چین کے وزیر اعظم وین جیا باؤ نے کہاہے کہ بیجنگ اپنی سرحدی فوجی امور کو بہتر طور پر نبھانے کے لیے اپنی فوجی صلاحیت کو بڑھانے کا عمل جاری رکھے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی اپنی مسلح افواج کو جدید اور زیادہ انقلابی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
مسٹر وین نے پیر کے روز بیجنگ میں کمیونسٹ پارٹی کی سالانہ قومی پیپلز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاہے کہ ہم مسلح افواج کو زیادہ انقلابی ، جدید اور ہر حوالے سے زیادہ معیاری بنائیں گے تاکہ وہ اس صدی کے نئے مرحلے میں اپنا تاریخی مشن زیادہ جامع انداز میں پورا کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی مسلح افواج کی وسیع تر فوجی امور کی بہتر انجاد دہی کی صلاحیت میں ا ضافہ کریں گے۔ جن میں سے سب سے اہم اطلاعات کےموجودہ دور کے تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے مقامی جنگیں جیتنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوج کے اہم ترین امور میں سانحات کے متاثرین اور ہنگامی صورت حال میں امدادی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ عسکریت پسندی کے خلاف جنگ اور اندرون ملک استحکام قائم رکھنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
اتوار کے روز حکام نے کہاتھا کہ چین کا دفاعی بجٹ ، جو امریکہ کے بعد دنیا کا دوسرا بڑا دفاعی بجٹ ہے، 11 اعشاریہ 2 فی صد کے اضافے کے بعد اب تقریباً 106 ارب ڈالر ہوگا۔