چین میں ہفتے کے دِٕن سے سالانہ ’باؤ فورم فارایشیا کانفرنس‘ کا آغاز ہوا، جس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کر رہے ہیں۔ اقتصادی ترقی سے متعلق اِس دو روزہ اجلاس میں رواں سال عالمی ترقی میں ایشیا کے کردار کو اجاگر کیا جائے گا۔
چین میں پاکستانی سفیر مسعود خان نےاتوار کو’ وائس آف امریکہ‘ سے ٹیلی فون پربیجنگ سے گفتگو میں بتایا کہ وزیراعظم گیلانی نے اجلاس میں شریک ممالک کےکئی وفود سے ملاقاتیں کی ہیں، جِن میں ایشیائی معیشتوں اورباہمی دلچسپی کےخصوصی معاملات پر تبادلہٴ خیال کیا گیا۔
ایک سوال کے جواب میں، ایمبسڈر مسعود خان نے’مائکرو اکانامک انڈیکیٹرز‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معاشی حالت ’سنبھل رہی ہے‘، حالانکہ، اُن کے بقول،’ بہت سی دقتیں اورمشکلات‘ حائل ہیں۔اُنھوں نےکہا کہ پاکستان میں ایسا ماحول موجود ہے جس میں، تمام مشکلات کےباوجود، بہتری لائی جاسکتی ہے۔
مسعود خان نے کہا کہ پیر کو وزیراعظم گیلانی اپنے خطاب میںانفراسٹرکچر، توانائی، صنعت اور زراعت کے شعبوں میں پاکستان کی طرف سے بیرونی سرمایہ کاری کے لیے دی گئی مراعات کا خصوصی ذکر کریں گے، اور سرمایہ کاروں کو پاکستان آنے کی دعوت دیں گے۔
گیلانی اور ایران کے نائب صدرکی ملاقات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں اُنھوں نے کہاکہ گیس پائپ لائن کےمعاملے کو دیکھا جائے تو پاکستان کی توانائی کی ’جائز ضروریات ہیں‘۔ اُنھوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ ’خطے میں جتنا بھی معاشی تعاون بڑھے، بہتر ہے‘، اوراُن کے بقول، ’ہم مشاورت سے آگے بڑھ رہے ہیں‘۔
تفصیل آڈیو رپورٹ میں: