چین: اینگا پا میں تبتی لوگوں کا احتجاجی مظاہرہ

جنوب مغربی چین سے ملنے والی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ تبّت کے قمری سال کے آغازکے موقعے پر تبّت کے لگ بھگ 400 بِھکشوؤں اور عام لوگوں نےدوسال پہلے تبّتی مظاہرین کی ہلاکتوں پر احتجاج کے طور پر دھرنا مار تے ہوئے احتجاج کیا ہے۔

یہ احتجاجی مظاہرہ پیر کے روز صوبہ سِچوان کی کاؤنٹی اینگاپا کے شہر اینگاپا کی بڑی مارکیٹ میں کیاگیا۔تبّت کی آزادی کی حامی ایک ویب سائٹ پر کہا گیا ہے کہ احتجاجی مظاہرین نے اُن لوگوں کے لیے سوگ کے اظہار کے طور پر ، جو مارچ 2008 میں تبّت کے طول وعرض میں مظاہروں کے دوران ہلاک ہوئے تھے، ستامپا یعنی جو کے آٹے کو ہوا میں اُچھالا۔

قریب میں واقع کیرتی راحب خانے کے ایک عہدے دار نےمظاہرین سے منتشر ہوجانے کی ناکام اپیلیں کیں۔ بعد میں چینی حکام نے اُن لوگوں کے موبائیل فون ضبط کرلیے، جنہوں نے احتجاجی مظاہرے کی تصویریں اور وِڈیو بنائے تھے۔

سنہ 2008کے مظاہروں کے بعد سے اینگاپا کا ماحول بدستور کشیدہ ہے۔