چھ ماہ خلائی اسٹیشن پر قیام کے بعد چینی خلا بازوں کی واپسی

چین کے خلا باز چین کے اپنےنئے خلائی اسٹیشن پر چھ ماہ قیام کے بعد زمین پر واپس پہنچ گئے ۔ چین کے خلابازوں کا یہ طویل ترین قیام تھا۔ خلائی کیپسول منگولیا کے شمالی علاقے صحرائے گوبی میں اترا اور اس منظر کو چین کے سرکاری ٹی وی پر لائیو دکھایا گیا۔

چین نے اپنا پہلا خلا باز 2003 میں خلا میں بھیجا تھا اس کے بعد 2013 میں چاند پر اپنا روبوٹ اتارا اور پچھلے سال مریخ پر روبوٹ بھیجا۔

ہفتے کو چین کے سرکاری ٹی وی پر وہ تصاویر بھی دکھائی گئیں ، جب زمین کے مدار میں داخل ہونے سے پہلے کیپسول دو سو میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سےافریقہ سے گزرا۔

چین کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے پروگرام میں شامل نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ امریکہ کے ساتھ اس کی مخاصمت بتائی جاتی ہے۔

چین کا خلائی پروگرام چین کی کمیونسٹ پارٹی اور پیپلز لبریشن آرمی چلا رہی ہے۔

امریکہ اور سابق سوویت یونین کے بعد چین دنیا کا تیسرا ملک ہے جس نے اپنے طور پر خلا میں خلا باز بھیجے ہیں۔

چین کی حکومت نے 2020 میں چین کے پہلے دوبارہ قابل استعمال ہونے والے خلائی جہاز کے زمین پر اترنے کی خبر دی تھی، مگر اس کی مزید تفصیل اور تصاویر جاری نہیں کی گئیں۔

(اس خبر کا مواد خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لیا گیا)