ہوا کے تیز جھگڑوں سے امریکی دارالحکومت میں وائٹ ہاؤس کے قریب لگا ہوا نیشنل کرسمس ٹری گرگیا۔
تقریباً 42 فٹ بلند کولوریڈو بلیو نسل کا یہ کرسمس ٹری ہفتے کی صبح تیزہواؤں کا دباؤ نہ سہار سکنے کے باعث گرگیا۔ ہواؤ ں کی رفتار 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔ تاہم یہ درخت اس سے قبل اس سے د وگنی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کا مقابلہ کرتا رہاتھا۔
وہائٹ ہاؤس کے قریب ایک کھلی جگہ پر لگا ہوا یہ واحد زندہ درخت تھا جسے ہرسال کرسمس کے موقع پر رنگ برنگے قمقوں اور دیگرآرائشی چیزوں سے سجایا جاتا تھا۔
اس درخت کو 1978ء میں لگایا گیا تھا۔ نیشنل پارک سروس کے ایک ترجمان نے کہاہے کہ اس کی جگہ لگائے جانے والے درخت کا انتخاب پہلے سے ہی کیا جاچکا تھا، تاکہ اگرکبھی یہ گرجائے تو دوسرا اس کی جگہ دوسرا درخت فوراً لگادیا جائے۔
نیشنل پارک کے ترجمان نے واشنگٹن کے ایک اخبار کو بتایا کہ کہ اس سے قبل بھی یہاں لگائے جانے والے کرسمس ٹری تیزہواؤں کے باعث گر چکے ہیں۔جس کی وجہ یہ ہے کہ وہ جنگل کی نسبت وہائٹ ہاؤس کے سامنے ہونے کی وجہ سے ایک کھلی جگہ پر لگا ہوتاہے اور تیز ہوائیں اسے بلاروک ٹوک اپنا نشانہ بنالیتی ہیں۔