جین فریزر وال اسٹریٹ بینک کی پہلی خاتون سربراہ بن گئیں

جین فریزر کو وال اسٹریٹ کے اہم بینکوں میں سے ایک کی پہلی خاتون چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) بننے کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے۔

'سٹی گروپ' نے جمعرات کو ایک بیان میں کنزیومر بینکنگ ہیڈ جین فریزر کو سی ای او مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 53 سالہ فریزر فروری 2021 میں مائیکل کوربیٹ کی جگہ فرائض سنبھالیں گی۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق فریزر کی بطور سی ای او تعیناتی مالیاتی شعبے میں درست سمت میں اٹھایا جانے والا ایک قدم ہے جہاں اعلیٰ انتظامی عہدوں پر خواتین کی نمائندگی بہت کم ہے۔

بینک آف امریکہ کارپوریشن (بی اے سی) کی آپریشنز اور ٹیکنالوجی کی چیف کیتھی بیسنٹ نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ یہ ایک بڑا اور زبردست لمحہ ہے۔ یہ نہ صرف کمپنی بلکہ دنیا بھر کی خواتین کے لیے ایک بڑی خبر ہے۔

انٹرنیشنل بزنس سوسائٹی کی 2016 کی تقریب میں فریزر نے بطور انوسٹمنٹ بینکر اپنے ابتدائی دنوں کی جدوجہد اور مشکلات پر بات کی تھی۔ یہ وہ دور تھا جب خواتین سے یہ توقع کی جاتی تھی کہ وہ کامیابی کے لیے مردوں جیسا لباس پہنیں اور ان ہی انداز اپنائیں۔ اور اس کے ساتھ ساتھ اپنی گھریلو ذمہ داریوں اور کام میں بھی توازن رکھیں۔

فریزر کا کہنا تھا کہ مجھ سے اکثر پوچھا جاتا ہے کہ تم یہ سب کر لو گی تو میں کہتی ہوں، ہاں آپ سب کر سکتے ہیں۔ لیکن آپ یہ سب کچھ ایک ساتھ نہیں کر سکتے۔ سب چیزیں ایک ساتھ کرنے کی توقع بھی مت کیجیے۔

فریزر کا تعلق خواتین کے اس چھوٹے سے گروپ سے ہے جنہوں نے اپنے روایتی راستے سے ہٹ کر چناؤ کیا اور اہم مالیاتی اداروں کے معتبر عہدوں تک پہنچیں۔

رواں سال کی فارچیون-500 کی فہرست میں صرف 37 کمپنیاں ایسی ہیں جن کی سربراہ خواتین ہیں۔

جین فریزر نے لندن میں اپنے کریئر کا آغاز گولڈ مین سیس گروپ سے کیا تھا۔ پھر میڈرڈ کی ایک معروف فرم میں گئیں۔ انہوں نے 16 سال قبل سٹی گروپ میں شمولیت اختیار کی۔ انہیں اس پر سراہا جاتا ہے کہ مالیاتی بحران کے دنوں میں فریزر نے بینک کو سنبھلنے اور بحال ہونے میں مدد دی۔

فریزر نے سٹی انوسٹمنٹ بینک میں کلائنٹ اسٹریٹجی کی ذمہ داریاں نبھائیں اور لاطینی امریکہ میں اس کے پرائیوٹ بینک میں بھی احسن طریقے سے فرائض انجام دیے جس کے نتیجے میں 2019 میں سالانہ محاصل کا 14 فی صد حاصل ہوا۔

اکتوبر میں فریزر کو صدر کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی اور گلوبل کنزیومر بینک کا سربراہ بنایا گیا تھا۔