رسائی کے لنکس

کینیڈا میں پہلی مرتبہ خلائی ادارے کی قیادت ایک خاتون سنبھالیں گی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

کینیڈا کے خلائی ادارے کی 31 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی خاتون کو اس کا سربراہ بنایا گیا ہے۔

حکومت نے جمعرات کو اپنے ایک اعلان میں کہا ہے کہ طویل عرصے سے سرکاری خدمات سر انجام دینے والی لیزا کیمبل کینیڈین اسپیس ایجنسی کے صدر کی حیثیت سے عہدہ سنبھالیں گی۔

لیزا کیمبل سے قبل ایجنسی کی سربراہی سلوین لیپورٹ کے پاس تھی جو 2015 سے ادارے کے سربراہ کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دے رہے تھے۔

کیمبل ویٹرن افیئرز کینیڈا میں دو سال تک سینئر ایگزیکٹو کی حیثیت سے بھی کام کر چکی ہیں، جب کہ اس سے قبل وہ وزارتِ دفاع اور میرین پروکیورمنٹ میں نائب وزیر کی معاون تھیں، جہاں انہوں نے کینیڈا کے فوجی اور سمندری آلات حاصل کرنے والی تنظیم کی رہنمائی کی۔

امریکی خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق وفاقی وزیر برائے انوویشن، سائنس و صنعت نودیپ بینس کا کہنا ہے کہ دفاعی خریداری میں لیزا کیمبل کا تجربہ مفید اور سود مند ثابت ہو گا۔ اس تجربے کی بدولت خلائی شعبے کے لیے اہم خریداریوں میں مدد ملے گی۔

کینیڈا کی خلائی ایجنسی مارچ 1989 میں قائم کی گئی تھی۔ ایجنسی ملک کی تمام خلائی سول سرگرمیوں کی نگران ہے۔

XS
SM
MD
LG