امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سے جمعرات کو نیویارک میں ملاقات کررہی ہیں جب کہ یہودی بستیوں کی تعمیر کے معاملے پر دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔
کلنٹن اور دیگر امریکی عہدیدار اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن بات چیت کے عمل کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں جو ستمبر میں مغربی کنارے پر یہودی بستیوں کی تعمیر سے متعلق عارضی پابندی ختم ہونے کے بعد معطل ہوگئے تھے۔
اسرائیل نے رواں ہفتے کہا تھا کہ وہ متنازع مشرقی یروشلم میں 1300نئے اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جسے کلنٹن نے ’نقصان دہ عمل‘ قرار دیا ہے۔
فلسطینی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ نئی تعمیرات کے تناظر میں وہ اسرائیل کے ساتھ براہ راست بات چیت کے عمل میں شامل نہیں ہوں گے۔
امریکہ اور اسرائیل کے رہنماؤں کے مابین ملاقات ایک ایسے وقت ہونے جارہی ہے جب ایک روز قبل ہلری کلنٹن نے اعلان کیا تھا کہ امریکہ رواں سال فلسطین کو 15کروڑ ڈالر کی اضافی امداد دے گا۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ امریکہ اسرائیل یا فلسطین کی طرف سے ایسے ’یک طرفہ اقدامات‘ کی حمایت نہیں کرے گا جس سے براہ راست مذاکرات میں رکاوٹ پیدا ہو۔