گوانتانامو کی بندش، ولوسکی خصوصی ایلچی مقرر

فائل

وزیر خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ’لی ولوسکی گوانتانامو کی حراستی تنصیب کے بروقت خاتمے کو ممکن بنانے کے لیے جاری سفارتی کوششوں کی قیادت کریں گے، جو امریکی مفادات اور ہمارے عوام کی سلامتی سے مطابقت رکھتی ہوں‘

گوانتانامو حراستی مرکز کو بند کرنے کے لیے، محکمہٴخارجہ نے لی ولوسکی کو خصوصی ایلچی مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

منگل کو جاری کیے گئے ایک بیان میں، وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ ’لی گوانتانامو کی حراستی تنصیب کے بروقت خاتمے کو ممکن بنانے کے لیے جاری سفارتی کوششوں کی قیادت کریں گے، جو امریکی مفادات اور ہمارے عوام کی سلامتی سے مطابقت رکھتی ہوں‘۔

اُنھوں نے کہا کہ، ’لی ولوسکی ایک انتہائی ماہر اور تجربہ کار وکیل ہیں جو صدر کلنٹن اور صدر جارج ڈبلیو بش کے ادوار میں قومی سلامتی کونسل کے بین الملکی خطرات سے متعلق ادارے کے سربراہ رہ چکے ہیں‘۔

وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ صدر اوباما کی ہدایات کے عین مطابق، لی ولوسکی سفارتی کوششوں کے حوالے سے سخت جستجو کے اہل ہیں، جن کا مقصد گوانتانامو کو ختم کرنا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ لی ولوسکی گوانتانامو سے قیدیوں کو بیرون ملک منتقل کرنے کا بندوبست اور منتقلی کی ذمہ داری پوری کرنے کا تعین اور احکامات پر عمل درآمد کے کام کی قیادت کریں گے۔ ساتھ ہی، جن قیدیوں کے معاملات محکمہٴخارجہ کے زیر غور لائے جا رہے ہیں اور جن کی منتقلی کے تعین کی منظوری سامنے نہیں آئی، اُس کام کی نگرانی کریں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ’ایسا عمل کرتے ہوئے، وہ امریکہ کے بیرون ملک دوستوں اور ساجھے داروں سے براہ راست رابطے میں رہیں گے۔ ساتھ ہی وہ دیگر متعلقہ امریکی اداروں اور کانگریس کی متعلقہ کمیٹیوں کے ساتھ قریبی مشورہ کرتے رہیں گے‘۔