پاکستانی نوجوان کامن ویلتھ یوتھ ایوارڈ کا حقدار

حنان علی عباسی پاکستان میں نوجوانوں کے علامتی قانون ساز ادارے نیشنل یوتھ اسمبلی کے بانی صدر ہیں اور دو کتابوں ’چین سے برطانیہ‘ اور ’زمینی ستارے‘ کے مصنف بھی ہیں
پاکستان کے شہر ایبٹ آباد کے رہائشی 25 سالہ نوجوان حنان علی عباسی کو کامن ویلتھ یوتھ ایوارڈ کے لیے منتخب کرلیا گیا ہے۔ کامن ویلتھ کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق، دنیا بھر کے 16نوجوانوں کو اس ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے جِن میں پاکستانی نوجوان حنان علی عباسی بھی شامل ہیں۔

یہ ایوارڈ دولت مشترکہ کے 36 ممالک میں 15سے29 سال کی عمر کے ان منتخب نوجوانوں کو دیا جاتا ہے جنھوں نے معاشرے میں نمایاں طور پر مثبت کردار ادا کیا ہو۔ ایوارڈ حاصل کرنے والے نوجوانوں کو 1000 یورو کی نقد رقم بھی دی جائے گی، تاکہ وہ نوجوان اپنا مشن جاری رکھ سکیں۔

ایوارڈ حاصل کرنے والے دیگر نوجوانوں کا تعلق بھارت، سری لنکا، کیمرون، نائجیریا، کینیا، جمیکا، بارباڈوس اور آسٹریلیا سے ہے۔

یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے پاکستان کے واحد نوجوان حنان علی عباسی کو انسانی حقوق اور جمہوریت کے لیے نمایاں کردار ادا کرنے پر یہ ایوارڈ دیا جا رہا ہے۔

حنان علی پاکستان میں نوجوانوں کے علامتی قانون ساز ادارے نیشنل یوتھ اسمبلی کے بانی صدر ہیں اور دو کتابوں ’چین سے برطانیہ‘ اور ’زمینی ستارے‘ کے مصنف بھی ہیں۔


حکومت پاکستان حنان علی عباسی کو انسانی حقوق ایوارڈ دینے کے بعد پاکستان کے اعلیٰ سول ایوارڈ دینے کا اعلان بھی کر چکی ہے۔

ایوارڈ کی تقریب دولت مشترکہ کے ہیڈ کوارٹر لندن میں 12 مارچ کو منعقد ہوگی۔