کرونا وائرس کے بارے میں امریکی مرکز برائے ڈزیز کنڑول اینڈ پریونشن کی جانب سے ریاستی گورنروں کو خبردار کئے جانے کے بعد ملک بھر میں وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کی روک تھام کی منصوبہ بندی شروع کر دی گئی ہے۔
امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی اور اس کے اطراف کی تین ریاستوں میں گرچہ اب تک کرونا وائرس کے کسی کیس کی تصدیق نہیں ہوئی؛ لیکن، اسکولوں کی سطح پر اس سے بچاؤ کے منصوبوں پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
شہروں کے میٹرو نظام کی صفائی ستھرائی اور اسپرے کے نظام کو بہتر کرنے کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے ہر روز لاکھوں لوگ سفر کرتے ہیں۔
لیکن، واشنگٹن ڈی سی کے میٹرو نظام اور اس سے متصل ورجینیا ریلوے ایکسپریس اور میری لینڈ ریلوے کا کہنا ہے کہ ان کا صفائی ستھرائی کا موجودہ نظام کسی وبائی مرض کا مقابلہ کرنے کے لئے کافی ہے۔
واشنگٹن ڈی سی میڑو کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کی روک تھام کے لئے تیار ہے۔ لیکن ان کا کہنا ہے کہ میٹرو ایریا اور ہوائی اڈوں پر صفائی ستھرائی کا موجودہ نظام کسی بھی قسم کے وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لئے کافی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ڈی سی میڑو ایریا میں کوئی نیا طریقہ کار اور اضافی صفائی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔ تاہم، میڑو انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ملازمین کے لئے چہرے کے ماسک اور جراثیم کش اسپرے اور ہنڈ سینٹائزر خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ورجنیا ریلوے کے کیرن فینوکن کلارکسن کا کہنا ہے کہ ہمیں یقین ہے کہ ہمارا موجودہ صفائی ستھرائی کا پروٹوکول مسافروں اور عملے دونوں کی حفاظت کے لئے کافی ہے۔ ہم اپنی ٹرینوں کو ہر روز صاف کرتے اور جراثیم کش ادویات اسپرے کرتے ہیں۔
ورجینیا ریلوے ایکسپریس (وی آر اِی) کے ترجمان، کلارکسن نے کہا ہے کہ سردی اور فلو کے موسم میں ہر سال مسافروں میں آگاہی مہم چلائی جاتی ہے جو اس وقت بھی جاری ہے۔ اس مہم کا مقصد عوام کو متعدی بیماریوں سے بچاؤ کی تدابیر سے آگہی فرام کرنا ہوتا ہے۔
اسی طرح میری لینڈ ٹرانزٹ ایڈمنسٹریشن کا بھی کہنا ہے کہ ٹرینوں کو ہر روز صاف کیا جاتا اور اسپرے کئے جاتے ہیں۔ ہر ٹرین میں کم از کم ایک باتھ روم ہے، جہاں صاف پانی، صابن اور صاف تولیہ رکھا جاتا ہے، تاکہ ہر مسافر ہاتھ منہ دھو سکے۔
واشنگٹن میڑوپولٹن ایئرپورٹ اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ صفائی اور بیماریوں سے بچاؤ کے مراکز کی ہدایات کی پیروی کر رہے ہیں۔ اسی طرح، بالٹیمور واشنگٹن انٹرنیشنل ایئرپورٹ انتظامیہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب، علاقے کے اسکول سسٹم میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لئے منصوبے پر عملدرآمد شروع ہو گیا ہے۔ واشنگٹن سے ملحق ریاست میری لینڈ کی مونٹگمری کاونٹی پبلک اسکولوں میں ہاتھ دھونے کی یاد دہانی مہم چلائی جا رہی ہے۔
مونٹگمری کاؤنٹی کے محکمہ صحت کے ترجمان ڈریک ٹرنر نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی روک تھام کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ساتھ ہی ممکنہ وبائی صورت اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے منصوبے تیار کر لئے گئے ہیں جو وائرس کے لئے جوابی پروٹوکول پر مشتمل ہے۔
ٹرنر نے کہا کہ وائرس سے دور رہنے اور ہاتھ دھونے کے بارے میں سرگرم عمل ہونے پر توجہ دی جا رہی ہے؛ جب کہ زکام اور فلو سے متاثرہ شخص کی فوری جانچ کی جائے گی۔
ورجینیا کی فیئرفیکس کاؤنٹی میں ہنگامی تیاریوں اور ردعمل کے منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے اسکول ڈسٹرکٹ میں کرونا وائرس سے متعلق ویب سائٹ کے صفحات کو اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے۔
پرنس جارج کاؤنٹی، میری لینڈ میں اسکول ڈسٹرکٹ ریاستی محکمہ صحت کے ساتھ مل کر منصوبے پر عمل کر رہا ہے۔ پرنس جارج کاؤنٹی کے ترجمان، گیبریل براؤن نے کہا ہے کہ منصوبے پر عملدرآمد کے لئے پوری تندہی سے کام جاری ہے تاکہ پوری کمیونٹی میں آگاہی فراہم کی جائے۔
لاؤڈن کاونٹی اسکول سسٹم میں بدھ کو ایک خط تقسیم کیا گیا جس میں واضح کیا گیا کہ ضلع کرونا وائرس سے متعلق معلومات کے لئے وفاق اور ریاست کے حکام کے اقدامات اور ان کی سفارشات پر نگاہ رکھے ہوئے ہے۔
لاؤڈن کاونٹی کے محکمہ صحت نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ بیماریوں کے کنڑول کے لئے امریکی مراکز کی موجودہ رہنمائی میں انفرادی کیسز کی جانچ کی جا رہی ہے اور وائرس کے پھیلاؤ سے بچنے اور عام موسمی بیماریوں سے نمٹنے کے لئے تجویز کردہ حفظان صحت کے مروجہ طریقہ کار ہی موزوں ہے۔
چارلس کاؤنٹی میری لینڈ میں اسکول عہدیداروں نے والدین کو ایک خط روانہ کیا ہے جس میں یاد دلایا گیا ہے کہ طلبا کو بخار کی صورت میں کم از کم 24 گھنٹے گھروں میں روکا جائے اور فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے۔
امریکہ کے بڑے شہروں کے ٹرانسپورٹ نظام اور ایئرپورٹس پر حفاظتی اقدامات کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے، تاکہ اس نظام کو استعمال کرنے والے لاکھوں مسافروں میں وبا پھوٹ پڑنے کے امکان کو کم کیا جا سکے۔
نیویارک جیسے بڑے شہر میں اب تک کرونا وائرس کے کسی کیس کی تصدیق نہیں ہوئی، لیکن ریاست کے گورنر نے خبردار کیا ہے کہ ایسا کوئی کیس سامنے آنا قابل حیرت نہیں ہونا چاہئے۔ نیویارک کی ناساو کاونٹی نے اعلان کیا ہے کہ کاونٹی میں 83 لوگوں کی رضاکارانہ بنیادوں پر آئیسولیشن میں رکھ کر نگرانی کی جا رہی ہے کہ کہیں ان میں وائرس تو موجود نہیں ہے۔
نیویارک نے کرونا وائرس کے مقابلے کے لئے 40 ملین ڈالر کی رقم مختص کر دی ہے، جس سے میڈیکل اسٹاف اور آلات خریدے جائیں گے۔ نیویارک کے میئر بل دی بلاسیو کا کہنا ہے کہ شہر میں اب تک 6 مشتبہ مریضوں کی جانچ کی گئی۔ لیکن، انھیں کرونا وائرس سے پاک قرار دیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ حکام کسی وبا سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔ اس مقصد کے لئے شہر میں 1200 بستروں کا ایک اسپتال قائم کر دیا گیا ہے۔
بدھ کو وائٹ ہاؤس میں ہونے والی پریس کانفرنس میں صدر ٹرمپ نے بتایا کہ امریکی حکومت امریکی عوام کو کرونا وائرس کی صورتحال سے لمحہ لمحہ باخبر رکھے گی۔ صدر ٹرمپ نے کرونا وائرس پر قابو پانے کی کوششوں کا کام نائب صدر مائیک پینس کے حوالے کیا، جو ڈاکٹروں، سائنسدانوں کی اس ٹیم کے ساتھ کام کریں گے، جو کرونا وائرس پر قابو پانے پر کام کر رہی ہے۔