کرکٹ کی عالمی تنظیم آئی سی سی نے برطانوی باؤلر گریم سوان کو امپائروں سے ”اظہار اختلاف“ پر میچ فیس کی دس فیصد رقم کا جرمانہ عائد کیا ہے۔
آئی سی سی کی طرف سے ہفتے کو جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ سوان جمعے کو ہونے والے گروپ بی کے بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں کھلاڑیوں کے لیے وضع کردہ ضابطہ اخلاق کے لیول 1کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ میچ کے بعد فیلڈ امپائرز روڈ ٹکر اور ڈیرل ہائپر نے ان کی طرف سے ”بدزبانی اور غیر مہذب اشارے“ استعمال کرنے کی شکایت کی جو کہ تنظیم کے بقول ہتک کے زمرے میں آتے ہیں۔
آئی سی سی کا کہنا تھا کہ اسپنر سوان نے چھبیسویں اوورز میں دوسری نئی گیند سے متعلق مضطرب ہوکر فیلڈ امپائرز سے ”ناقابل قبول“ جملے کہے۔
بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو اس میچ میں دو وکٹوں سے ہرا کر عالمی کپ کا دوسرا بڑا اپ سیٹ کیا۔ اس سے قبل انگلینڈ آئرلینڈ کے ہاتھوں بھی شکست سے دوچار ہوچکا ہے۔
میچ ریفری جیف کرو کی طرف سے سوان پرعائد کیے جرمانے کے خلاف کسی بھی سماعت کی ضرورت نہیں ہے۔ کرو کے مطابق سوان کے اظہار اختلاف، جو کہ قابل قبول نہیں، کے ایک اوور بعد اپنی غلطی کا احساس ہونے پر فیلڈ امپائروں سے معذرت بھی کی ۔