بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئندہ ماہ ہونے والے دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران ایک روزہ میچوں کی سیریز کےلیے سریش رائنا کو بھارتی ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ون ڈے ٹیم کے ریگولر کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران ریسٹ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز کیےلیے گوتم گمبھیر کو کپتان مقرر کیا تھا۔
تاہم بی سی سی آئی کی جانب سے جمعہ کے روز جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گوتم گمبھیر کندھے کی انجری کے سبب دورہ کےلیے ان فٹ ہوگئے ہیں جس کے باعث دورہ کے دوران کھیلے جانے والے ایک ٹی20 میچ اور پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں بھارتی ٹیم کی قیادت سریش رائنا کرینگے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے دورہ ویسٹ انڈیز کےلیے اعلان کردہ ون ڈے ٹیم میں لیجنڈ بلے باز سچن ٹنڈولکر کو بھی آرام دینے کی غرض سے شامل نہیں کیا تھا۔ جبکہ ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت سے ماسٹر بلاسٹر نے خود ہی یہ کہہ کر معذرت کرلی تھی کہ وہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ کچھ مزید وقت گزارنے کے خواہاں ہیں۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے بیان کے مطابق پھیپھڑے کے تکلیف کے باعث یووراج سنگھ کو بھی دورہ ویسٹ انڈیز کےلیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
بھارتی کرکٹ ٹیم 4جون سے 10 جولائی تک جاری رہنے والے دورہ کے دوران ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک ٹوئنٹی 20میچ کے علاوہ پانچ ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی۔