بھارت اور پاکستان کے درمیان موہالی میں ہونے والے دوسرے سیمی فائنل میچ کے حوالے سے دونوں ممالک میں لوگوں کی دیوانگی اور جوش و جذبہ دیدنی ہے۔ ایک طرف بھارت سے بلیک میں انتہائی مہنگے داموں ٹکٹ خریدنے اور بیچے جانے کی اطلاعات ہیں تو دوسری جانب فلمی فنکار بھی یہ میچ دیکھنے کے لئے بے چین ہیں۔
پہلے خبریں آئیں تھیں کہ امیتابھ بچن سیمی فائنل دیکھنے موہالی جارہے ہیں۔ یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ آخر کار امیتابھ بچن کو اس خبر کی تردید کرنا پڑی لیکن اس خبر نے ابھی تک امیتابھ کا پیچھا نہیں چھوڑا اور اب بھی میڈیا میں یہ معاملہ گرم ہے۔
اب ایک نئی خبریہ ہے کہ بالی ووڈ کی دو سپراسٹارز کترینا کیف اور دپیکا پڈکون بھی بھارت اور پاکستان کا سیمی فائنل دیکھنے کے لئے موہالی جارہی ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ میچ والے دن آپ کو کچھ اور فلمی چہرے بھی وہاں بیٹھے نظر آئیں ۔
بھارت سے آنے والی خبروں کے مطابق پندرہ ہزار روپے کا ٹکٹ ایک لاکھ روپے میں اور ڈھائی سو روپے کا ٹکٹ پچاس ہزار روپے میں بلیک ہو رہا ہے۔ اب جبکہ فلمی فنکاروں اور خصوصاً کترینا اور دپیکا کے وہاں پہنچنے کی اطلاعات ہیں، ہوسکتا ہے ٹکٹس کے دام اور بڑھ جائیں۔ اگر واقعی ایسا ہوا تو کئی محاورے صادق آجائیں گے، مثلاً آم تو آم گٹھلیوں کے بھی دام ۔۔۔ یا ایک تیر سے دو شکار۔۔ یا ایک پنتھ دو کاج ۔۔