شارجہ میں کھیلے گئے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔
جمعہ کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور اس کی پوری ٹیم 195 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ جواباً پاکستان نے 196 رنز کا مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 1ء37 اوورز میں بآسانی حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے سابق کپتان یونس خان نے 10 چوکوں کی مدد سے 70 رنز کی شان دار اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ابتدائی بلے باز عمران فرحت نے 52 رنز بنائے جب کہ کپتان مصباح الحق 40 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
افغانستان کی جانب سے دولت زردان نے 2 اور سمیع اللہ شنواری نے 1 وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں افغانستان نے ٹاس جیت کر اپنی بیٹنگ کا آغاز کیا تو افغان بلے بازوں کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا اور پوری ٹیم 3ء48 اوورز میں 195 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی۔
افغان اوپنر کریم صادق 40 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جب کہ محمد نبی نے 37 اور سمیع اللہ شنواری نے 32 رنز بنائے۔ نو آموز ٹیم کے دیگر کھلاڑی کسی قابلِ ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے۔
پاکستان کی طرف سے شاہد آفریدی نے پانچ جب کہ عمر گل اور وہاب ریاض نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
افغانستان کو 2009ء میں ون ڈے انٹرنیشنل نیشن کا اسٹیٹس ملا تھا اور کسی بھی ٹیسٹ نیشن کے ساتھ یہ اس کا پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ تھا۔
پاکستان کی ٹیم ان دنوں بھرپور فارم میں ہے اور اس ایک روزہ میچ سے قبل پاکستان نے متحدہ عرب امارات ہی میں کھیلی گئی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں عالمی نمبر ایک انگلینڈ کو وہائٹ واش شکست سے دوچار کیا تھا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آغاز 13 فروری سے ابوظہبی میں ہوگا جس کے بعد دونوں ٹیمیں تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز میں ایک دوسرے کے مدِ مقابل ہوں گی۔