بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن چار وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنائے ہیں۔
دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ منگل کو کھلنا میں شروع ہوا جس میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ابتدائی بلے باز تمیم اقبال 25 اور عمر القیس 51 رنز بنا سکے جب کہ مومن الحق 80 رنز بنا کر پہلے دن کے کامیاب بلے باز رہے۔
چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد اللہ تھے جنہوں نے 49 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض، محمد حفیظ، ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
دورہ بنگلہ دیش میں پاکستان کو اب تک کھیلے گئے تین ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچوں میں شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کی وجہ سے قومی ٹیم سخت تنقید کی زد میں ہے۔
منگل کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی طرف سے سمیع اسلم جب کہ بنگلہ دیش کی طرف سے محمد شاہد اور سومیا سرکار نے اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز کیا ہے۔