رسائی کے لنکس

ہم ہارے نہیں بلکہ بری طرح ہارے ہیں: شہریار خان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

شہریار خان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی اس بری طرح شکت پر انھیں بھی تشویش ہے اور وہ ٹیم کے دورہ بنگلہ دیش کے بعد تمام امور کا جائزہ لے کر نئی حکمت عملی وضع کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کرکٹ کے نظام میں خرابیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم بنگلہ دیش سے صرف ہاری نہیں بلکہ بری طرح ناکام ہوئی ہے۔

پاکستانی ٹیم ان دنوں بنگلہ دیش کے دورے پر ہے جہاں تین ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ میں اسے شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا۔ کرکٹ کے حلقے اسے پاکستانی کرکٹ کے لیے سیاہ ترین دورہ قرار دے رہے ہیں۔

اتوار کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی اس بری طرح شکت پر انھیں بھی تشویش ہے اور وہ ٹیم کے دورہ بنگلہ دیش کے بعد تمام امور کا جائزہ لے کر نئی حکمت عملی وضع کریں گے۔

"آپ کا سسٹم ناکام ہے، سسٹم کے معنی فرسٹ کلاس پروگرام، تنظیم، کوچنگ، فٹنس کا پروگرام ان چیزوں میں کمی ہے۔۔۔ہم ہارے نہیں ہم بری طرح ہارے ہیں۔ اس کی مجھے تشویش ہے اور یہ میں یقین دلاتا ہوں کہ ان باتوں پر جیسے ہی دورہ ختم ہوگا ہم بیٹھ کر بات کریں گے اور یہ تمام چیزوں پر غور کر کے ہم ایک راستہ نکالیں گے تاکہ پاکستان اس درجے پر پہنچ پائے جہاں پہلے تھا۔"

پاکستانی ٹیم میں دورہ بنگلہ دیش کے لیے متعدد نئے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا لیکن گرین شرٹس اپنی کارکردگی سے شائقین کو متاثر کرنے میں پوری طرح ناکام رہی۔

ٹیم کو حالیہ مہینوں میں بعض کھلاڑیوں کے ان فٹ ہونے کی وجہ سے بھی پریشانی کا سامنا رہا ہے لیکن مبصرین کے بقول یہ کسی بھی طور پاکستان جیسی ٹیم کی بدترین ناکامی کا جواز نہیں ہو سکتا۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ابھی باقی ہے جس کا آغاز 28 اپریل سے ہو رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG