پاکستان نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی ہے۔
اتوار کو ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز بنائے۔
زمبابوے کی جانب سے ہملٹن مساکڈزا (68) اور برینڈن ٹیلر (50) نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر نے 33 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
جواباً پاکستان نے مقررہ ہدف 1ء42 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے اوپنر محمد حفیظ نے 139 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ عمران فرحت نے 75 رنز اسکور کیے۔
محمد حفیظ کو 'مین آف دی میچ' قرار دیا گیا۔
اس سے قبل پاکستان نے جمعہ کو کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں میزبان ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پانچ رنز سے شکست دیدی تھی۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ بدھ کو ہرارے میں ہی کھیلا جائے گا۔
پاکستان نے دورے کے دوران کھیلے گئے واحد ٹیسٹ میچ میں بھی سات وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔