پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اپنے بھارتی ہم منصب من موہن سنگھ کی دعوت پر دونوں ملکوں کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان عالمی کپ کا سیمی فائنل میچ دیکھنے بھارت جائیں گے۔
صدارتی ترجمان فرحت الله نے کہا ہے کہ مسٹر سنگھ کا دعوت نامہ قبول کرنے کا فیصلہ پاکستانی صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم گیلانی کے درمیان ہفتہ کی شب ہونے والی ایک ملاقات میں کیا گیا۔
جنوبی ایشیا کے روایتی حریفوں کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دسویں عالمی کپ کا سیمی فائنل میچ 30 مارچ بروز بدھ بھارت کے شمالی شہر موہالی میں کھیلا جائے گا۔
بھارتی وزیر اعظم نے اپنے پاکستانی ہم منصب یوسف رضا گیلانی اور صدر زرداری کو جمعہ کو بھیجے گئے الگ الگ پیغامات میں یہ میچ دیکھنے کے لیے مدعو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس مقابلے کے حوالے سے انتہائی جوش و خروش پایا جا رہا ہے اور یہ میچ کرکٹ ”کی جیت ہو گی“۔
مسٹر سنگھ کے اقدام کو مبصرین ”کرکٹ ڈپلومیسی“ یعنی کرکٹ کے ذریعے سفارت کاری سے تشبیہ دے رہے ہیں اور یہ پیش رفت ایک ایسے وقت ہوئی ہے جب دونوں ملک تعطل کا شکار مذاکرات کا سلسلہ پیر کے روز سے دوبارہ شروع کر رہے ہیں۔ بھارت نے 2008ء ممبئی حملوں کے فوراً بعد امن مذاکرات یک طرفہ طور پر معطل کر دیے تھے۔
آڈیو رپورٹ سنیئے: